پاکستان اورالجیریا میں باہمی تجارت کو مزید فروغ د ینے کے عمدہ مواقع موجود ہیں ، پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کوبہتر کرنا چاہتے ہیں ، پاکستان میں تعینات الجیریا کے سفیر لاخل بینکل کی تاجروں سے گفتگو

جمعرات 10 مارچ 2016 16:34

اسلا م آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 مارچ۔2016ء) پاکستان میں تعینات الجیریا کے سفیر لاخل بینکلے نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید بہتر کرنا چاہیتا ہے کیونکہ پاکستان اور الجیریا کے مابین مختلف شعبوں میں باہمی تجارت کو فروغ دینے کے عمدہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور الجیریا کے درمیان باہمی تجارت کو بہتر کرنے کا سب سے بہتر طریقہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان براہ راست روابط کو فروغ دینا ہے تا کہ تاجر برادری مشترکہ تعاون کے نئے مواقع تلاش کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان الجیریا سے زیتون کا تیل، پیٹرولیم مصنوعات اور قدرتی گیس درآمد کر سکتا ہے جبکہ الجیریا پاکستان سے اشیاء خوردونوش سمیت صارفین کی متعدد پراڈیکٹس درآمد کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آبادچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر برادری سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔الجیریا کے سفیر نے کہا کہ 28مئی تا 2جون 2016تک الجیریا میں ایک بڑی تجارتی نمائش منعقد کی جائے گی جس میں عرب ممالک کے علاوہ یورپ، افریقہ اور ایشیاء سے تاجر برادری کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان کی تاجر برادری کیلئے یہ ایک اچھا موقع ہے کہ وہ مذکورہ نمائش میں شرکت کر کے الجیریا کے ساتھ کاروبار کوفروغ دینے کے نئے مواقع تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ چین الجیریا میں کئی شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہا ہے اور پاکستان کے سرمایہ کاروں کو بھی چاہیے کہ وہ الجیریا میں جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور الجیریا ایک دوسرے کی تجارتی تنظیموں کے ساتھ ملاقاتوں اور بی ٹو بی میٹنگز کی حوصلہ افزائی کرنے پر توجہ دیں جس سے باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کو بہتر کرنے میں مثبت پیش رفت ہو گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اپنا ایک تجارتی وفد الجیریا لے جانے پر غور کرے اور یقین دہانی کرائی کہ ان کا سفارتخانہ چیمبر کے وفد کے دورے کو نتیجہ خیز بنانے میں ہر ممکن تعاون کرے گا۔

اپنے استقبالیہ خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ الجیریا اور پاکستان باہمی تعاون کو مضبوط کرنے پر توجہ دیں کیونکہ دونوں ممالک باہمی جغرافیائی پوزیشن سے استفادہ حاصل کر کے ایک دوسرے کی بڑی علاقائی مارکیٹوں تک بہتر رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور الجیریا کی دوطرفہ تجارت بہت ہی کم ہے لہذا دونوں ممالک باہمی تجارتی وفود کا تبادلہ بڑھانے اور ایک دوسرے کے ملک میں منعقد ہونے والی تجارتی نمائشوں پر شرکت کرنے پر توجہ دیں جو تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے سب سے بہتر طریقے ہیں۔

عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان کا چاول، کھانے پینے کی دیگر اشیاء، ٹیکسٹائل مصنوعات، ادویات، آلات جراحی اور چمڑے کی مصنوعات سمیت دیگر اشیاء الجیریا کے صارفین کی ضروریات کو بہتر طور پر پورا کر سکتی ہیں لہذا الجیریا اپنے بزنس مینوں کی حوصلہ افزائی کرے کہ وہ ان مصنوعات کی پاکستان سے درآمد پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مختصر تجارتی راستوں کو تلاش کرنے کی کوشش کریں جس سے باہمی تجارت میں نمایاں بہتری آئے گی۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر شیخ پرویز احمد اور نائب صدر شیخ عبدالوحید نے بھی پاکستان اور الجیریا کے درمیان باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کو بہتر کرنے کیلئے مفید تجاویز پیش کیں۔

متعلقہ عنوان :