گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے پاکستان میں تعینات ارجنٹائن کے سفیر کی ملاقات

باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے تبادلہ خیال

جمعرات 10 مارچ 2016 14:49

لاہور۔10 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 مارچ۔2016ء ) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے جمعرات کو پاکستان میں تعینات ارجنٹائن کے سفیر روڈولفو جے مارٹن سراوی نے یہاں گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی‘ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اِس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ ارجنٹائن پاکستان کا بہترین اور قابلِ اعتماد دوست ہے، دونوں ممالک اپنی اقتصادی شراکت داری کو وقت کے ساتھ ساتھ مزید بہتر بنا رہے ہیں جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون کومزید وسعت دی جا رہی ہے۔

گورنر پنجاب نے ارجنٹائن کے سفیرکی پاکستان میں تعیناتی کے دوران تعلقات کو مزید نکھارنے اور ان کو مستقل بنیادوں پر فعال بنانے میں کردار کو سراہا۔

(جاری ہے)

ارجنٹائن کے سبکدوش ہونے والے سفیر نے کہا کہ پاکستان ارجنٹائن کابہترین دوست ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلوں سے معاشی اور اقتصادی ترقی کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارجنٹائن پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیاکہ آنے والے دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔