پنجاب کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے شہبازتاثیر کی بازیابی کے بعد انکے اغواء کی تحقیقات دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ

جے آئی ٹی شہبازتاثیر کا بیان بھی ریکارڈ کریگی جس کی روشنی میں تحقیقات آگے بڑھائی جائیں گی

جمعرات 10 مارچ 2016 14:14

پنجاب کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے شہبازتاثیر کی بازیابی کے بعد انکے ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 مارچ۔2016ء) پنجاب حکومت کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے شہبازتاثیر کی بازیابی کے بعد انکے اغواء کی تحقیقات دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق شہباز تاثیر اغوا کیس کی دوبارہ تحقیقات کیلئے پولیس نے تاثیر فیملی سے رابطہ کرلیا ہے نجی ٹی وی کے مطابق یہ جے آئی ٹی شہبازتاثیر کا بیان بھی ریکارڈ کریگی جس کی روشنی میں تحقیقات آگے بڑھائی جائیں گی ‘ذرائع کے مطابق بیان ریکارڈ ہونے کے دوران اغواکاروں کے خاکے بھی بنوائے جائیں گے ۔

شہباز تاثیر کا اغوا اور بازیابی کی تفصیلات
شہباز تاثیر کو کچلاک میں حساس اداروں کی مدد سے بازیاب کرایا گیاہے۔ شہباز کو 5سال قبل 26اگست 2011کو گلبرگ سے اغواء کیاگیا تھا۔

(جاری ہے)

جب وہ اپنی سلوررنگ کی سپورٹس کار میں اپنے دفتر جارہے تھے کہ نامعلوم ڈبل کیبن گاڑی میں سوارنامعلوم افراد نے انہیں اغوا کرلیا تھا،سکیورٹی ذرائع کے مطابق شہباز تاثیر کو کالعدم لشکرجھنگوی نے اغواء کرکے القاعدہ کے حوالے کر دیا تھا۔

تاہم تاثیر کوحساس اداروں سی ٹی ڈی اور انٹیلیجنس کی مشترکہ کاروائی کے دوران بازیاب کروایا گیا ہے۔شہباز کی بازےابی کی اطلاع ان کے اہل خانہ کو بھی دے دی گئی ہے کہ وہ حفاظت میں ہیں.خاندانی ذارائع کے مطابق بازیابی کے بعد شہباز تاثیر کی اہل خانہ سے بات بھی ہوئی ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ وہ ٹھیک ہیں.ذرائع کے مطابق شہباز تاثیر نے کچلاک سے کسی کے موبائل سے اپنی والدہ کو بازیابی کی خبر دی کہ انہیں اغواء کاروں نے کچلاک میں سلیم ہوٹل کے پاس چھوڑ دیا ہے۔

جس پر شہباز ثیر کی والدہ نے حساس اداروں کو معلومات سے آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق شہباز کو کچلاک بازار کے عقب میں موجود مکان کے ایک کچے کمرے میں قید کیا گیاتھا۔اغواء کاروں نے بازیابی کیلئے 50کروڑ تاوان مانگا تھا،سابق گورنر سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر بازیابی کے بعد خاندان والوں سے فون پر بات کر کے آبدیدہ ہوگئے،ذرائع کے مطابق شہباز نے بازیابی کے وقت گرے رنگ کے کپڑے پہنے ہوئے تھے،ذرائع کے مطابق شہباز تاثیر کو بازیابی کے بعد سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کیا گیا،جہاں پر ان کا طبی معائیہ کیا گیا۔

شہباز تاثیر جسمانی اور ذہنی طور پر صحت مند ہیں۔ذرائع کے مطابق شہباز تاثیر سے اغواء کاروں اور ان کے رویے ،حلیے بارے تمام معلومات لی جارہی ہیں۔تاہم سکیورٹی حکام ان کی لاہورجلد روانگی کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ شہباز تاثیر کی بازیابی کی خبر ملتے ہی گھر میں جشن کا سماں پیدا ہوگیا۔مبارکباد کا تانتا بندھ گیا،عزیزواقارب کی بڑی تعداد مٹھائی اورگلدستے لےکر پہنچ گئے،شہباز تاثیر کی والدہ آمنہ تاثیر نے کہاہے کہ ابھی شہباز تاثیر سے ان کی بات نہیں کروائی گئی۔

شہباز تاثیر کی بازیابی کا ٹی وی چینل خبر سے پتا چلا ہے۔شہباز تاثیر کی بازیابی کے بعد ان کے گھر کی سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ شہباز تاثیر کی بازیابی اچھی خبر ہے۔انہوں نے سینیٹ میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ شہباز تاثیر کی بازیابی کے بارے میں ایوان کومزید معلومات سے بھی آگاہ کیا جائیگا۔سابق صدر مملکت آصف زرداری نے شہباز شریف کی بازیابی پر انتہائی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے گھر والوں کو مبارک دی۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہریار تاثیر کو فون کر کے شہباز تاثیر کی بازیابی پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ حیدر گیلانی بھی اغواء کاروں کی قید میں ہے مطالبہ کرتا ہوں کی حیدر گیلانی کی بازیابی کیلئے بھی کاروائی کی جائے ۔انہوں نے شہباز تاثیر کی بازیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کو کامیاب آپریشن پر مبارکباد دی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد گیلانی خاندان بھی حیدر گیلانی کی بازیابی کی خوشخبری سنے گا۔آصفہ بھٹو نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ شہباز تاثیر کی بازیابی کی خبر پر بہت خوش ہوں،بختاور بھٹو نے کہاکہ اللہ کا شکر ہے پانچ سال بعد شہباز تاثیربازیاب ہوکر واپس آگئے ہیں ۔پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو نے کہاہے کہ شہباز تاثیر کی بازیابی ضرب عضب آپریشن کے باعث ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بڑی خوشی کی خبر ہے ، شہباز کی بازیابی پرخاندان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے کہاہے کہ شہباز تاثیر کی بازیابی پر خوشی ہے،میرے بیٹے کو 2013ء میں الیکشن سے قبل اغواء کیا گیاتھا،انہوں نے فون پرشہباز کی بازیابی پرخاندان کو مبارکباد پیش کی۔کچلاک کےالسلیم ہوٹل کے مالک نے میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے شہباز تاثیر کے بارے بتایا کہ ایک پریشان حال بڑھے ہوئے بال اورداڑھی والا شخص ہمارے ہوٹل پرآیا،نامعلوم شخص پہلے کچھ دیر بیٹھا اور پھر کھانے کا آرڈر دیا. ہوٹل مالک نے مزید کہا کہ نامعلوم شخص نے گوشت (روش)کھانےکےبعد 350روپےکا بل ادا کیا،بل ادا کرتے ہی اس نے موبائل لاہور فون کرنے کیلیے مانگا. ہوٹل مالک کے مطابق ہم نے اسے موبائل فون نہیں دیا تو وہ ہوٹل سے باہر چلاگیا.

شہباز تاثیر کی لاہور واپسی
سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے صاحبزادے شہباز تاثیر کو خصوصی طیارے کے ذریعے کوئٹہ سے لاہور پہنچایا گیا ، لاہور آئیر پورٹ پر انکے اہل خانہ نے استقبال کیا ، تفصیلات کے مطابق بدھ کے سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر کو چار سال چھ ماہ بارہ دن بعد بازیاب کرانے کے بعدسخت سکیورٹی حصار میں خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچا دیا گیا ہے ،لاہور آئیر پورٹ پر شہباز تاثیر کے اہل خانہ نے انکا استقبال کیا جہاں سب سے پہلے انکی والدہ آمنہ تاثیر نے انہیں گلے لگایا اور باری باری کرکے انکی دیگر اہل خانہ سے ملاقات ہوئی،شہباز تاثیر کو سخت سکیورٹی حصار اور بلٹ پروف گاڑی میں ائیر پورٹ سے گھر منتقل کیاگیا ، شہباز تاثیر کی رہائشگاہ کے اطراف کے تمام راستے سیل کر دیئے گئے ہیں اور انکے گھر کے چاروں اطراف اور اندر سکیورٹی اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں ، واضح رہے کہ شہبازتاثیر کو اْن کے والد سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل کے7ماہ22دن بعدلاہور سے اغواکیاگیا، تھا اور منگل کے روز انہیں بلوچستان کے علاقے کچلاک سے سکیورٹی فورسز نے انہیں 4 سال6 ماہ 12 دن بعد بازیاب کرایا تھا۔

متعلقہ عنوان :