ما ڈل ایان علی کے پاسپورٹ کی فوری حوالگی کیلئے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر

عدالت سے سپیشل جج کسٹمزرانا آفتاب احمد خان کی فوری برطرفی کی استدعا

جمعرات 10 مارچ 2016 13:44

ما ڈل ایان علی کے پاسپورٹ کی فوری حوالگی کیلئے سپریم کورٹ میں آئینی ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 مارچ۔2016ء) کرنسی سمگلنگ کی نامزد ملزمہ ایان علی کے پاسپورٹ کی فوری حوالگی کیلئے سپریم کورٹ میں ایک آئینی درخواست دائر کر دی گئی۔ عدالت سے سپیشل جج کسٹمزرانا آفتاب احمد خان کی فوری برطرفی کی استدعا کی گئی ہے مذکورہ جج نے نومبر کے اواخر میں ملزمہ کے حق راہداری کو تسلیم کرتے ہوئے اس کا پاسپورٹ اس کے حوالے کرنے کا حکم دیا تھا۔

عدالت سے کہا گیا کہ مذکورہ حکم ملزمہ پر فرد جرم عائد کرنے کے بعد دیا گیا۔ آرٹیکل 15 کے تحت حق راہداری کو ایک تماشہ بنا دیا گیا ہے۔ دس ماہ کی بچی کو آخری سانسوں کے دوران ہسپتال کا راستہ نہیں ملتا اور 5 لاکھ ڈالر سمگل کرنے والی ملزمہ کو دبئی کی راہ سمجھائی جاتی ہے۔ صحافی شاہد اورکزئی نے سوال اٹھایا کہ کیا کوئی عدالت ضمانت کے باوجود کسی ملزم کا حق راہداری تسلیم کر سکتی ہے۔

(جاری ہے)

عدالت کو بتایا گیا کہ ملزمہ سپریم کورٹ پر اثر انداز ہونے کیلئے اس نے ڈاکٹر ارسلان افتخار کے ہمراہ برطانیہ اور فرانس کا سفر بھی کیا 22 سالہ ملزمہ کی ذاتی سیکیورٹی کے انتظامات اس کے وسائل کی چغلی کھا رہے ہیں اور پس پردہ اس کے پشت پناہوں کی حرکات صاف نظر آ رہی ہیں۔ عدالت کو بتایا گیا کہ سندھ ہائی کورٹ نے اس کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کا حکم دیا ہے لہذا اسے پاسپورٹ رجسٹرار کے حوالے کرنے کا حکم دیا جائے اور لاہور ہائیکورٹ کو کسٹمز جج کے خلاف تادیبی کارروائی کی ہدایت کی جائے۔ اس سے قبل ملزمہ کے خلاف دائر ہونے والی توہین عدالت کی درخواست بھی پٹیشن کے ساتھ لف ہے۔

متعلقہ عنوان :