کراچی ، میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب میں حکم امتناعی میں غیر معینہ مدت تک توسیع

جمعرات 10 مارچ 2016 12:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 مارچ۔2016ء) سپریم کورٹ نے کراچی میں میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب میں حکم امتناعی میں غیر معینہ مدت تک توسیع کردی ہے ، اٹارنی جنرل پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل کے پی کے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے مذکورہ مقدمے میں جواب طلب کرلیا ہے ۔سندھ حکومت اور وکلاء کراچی بدامنی کیس کی وجہ سے کراچی رجسٹری میں ہیں اسلام آباد نہ پہنچنے کی وجہ سے سماعت ملتوی کی گئی ۔

(جاری ہے)

جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے مقدمے کی سماعت جمعرات کے روز شروع ہوئی تو اس دوران ڈاکٹر بابر اعوان پیش ہوئے اور انہوں نے عدالت کو بتایا کہ سندھ حکومت کراچی بدامنی کیس میں کراچی رجسٹری سپریم کورٹ میں مصروف ہے اس لئے اس مقدمے میں پیش نہیں ہوسکتے ویسے بھی کے پی کے میں شو آف ہینڈز سے انتخابات کرائے گئے اگر سپریم کورٹ نے کوئی فیصلہ دیا تو اس پر بھی اثر انداز ہوگا اس لئے ان کو بھی نوٹس جاری کیاجائے اور ان کا بھی نقطہ نظر معلوم کیا جائے یہ اہم نوعیت کا مقدمہ ہے اس کی وجہ سے میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب بھی رکا ہوا ہے اس پر عدالت نے میئر اور ڈپٹی کے انتخابات میں جاری کردہ حکم امتناع میں غیر معینہ مدت تک توسیع کردی اور اٹارنی جنرل پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل کے پی کے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے اور سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی ہے

متعلقہ عنوان :