سعودی عرب میں مسلمان ممالک کے اشتراک سے شروع ہونے والی خطے کی سب سے بڑی فوجی مشقیں اختتامی مراحل میں داخل ہو گئیں

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 10 مارچ 2016 11:39

سعودی عرب میں مسلمان ممالک کے اشتراک سے شروع ہونے والی خطے کی سب سے ..

ریاض(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔10مارچ۔2016ء) سعودی عرب میں مسلمان ممالک کے اشتراک سے شروع ہونے والی خطے کی سب سے بڑی فوجی مشقیں اختتامی مراحل میں داخل ہو گئی ہیں‘ مشقوں کے اختتام سے قبل سعودی عرب کے شہر حفر الباطن میں تقریبات جاری ہیں جن میں مسلمان ممالک کی سرکردہ شخصیات شرکت کر رہی ہیں۔ گذشتہ روز ہونے والی ایک تقریب میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور مشقوں میں شامل مسلمان ممالک کے سربراہوں نے شرکت کی۔

سعودی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق سعودی عرب کی میزبانی میں ہونے والی شمال کی گرج مشقوں کی تقریب میں شرکت کرنے والے مسلمان رہ نماوں میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، پاکستان کے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی، سوڈانی صدر محمد عمر البشیر، سینیگال کے صدر ماکی صال، چاڈ کے صدر اور مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف ادریس دیبی انتو، موریتانیہ کے محمد ولد عبدالعزیز، جیبوتی کے اسماعیل عمر جیلہ، جزائرالقمر کے ڈاکٹر اکیلل ظنین، مراکش کے وزیراعظم عبدالالہ بن کیران، بحرین کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ، مارشیس کے وزیر برائے مذہبی امور شوکت سودھن،سلطنت اومان کے وزیر برائے امور دفاع شہزادہ فیصل بن الحسین، بدر بن سعود بن حارب البوسعیدی،ملائیشیا کے آرمی چیف ذولکفلی محمد زین اور مالدیپ کے وزیر دفاع آدم شریف نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب میں شرکت کرنے والے سعودی عہدیداروں میں مشرقی علاقوں کے گورنر شہزادہ سعود بن نایف بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن نایف، نائب ولی عہد و وزیردفاع شہزاہ محمد بن سلمان اور دیگر شامل تھے۔اس موقع پر شاہ سلمان کی جانب سے شمال کی گرج مشقوں میں حصہ لینے والے مسلمان رہ نماوں کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔توقع ہے کہ شمال کی گرج مشقوں کے اختتام کے بعد بڑی تعداد میں مسلمان ممالک کے قایدین سعودی عرب کا دورہ کریں گے اور حفر الباطن کے مقام پرہونے والی مشقوں کی آخری جھلکیاں دیکھیں گے۔

آج جمعرات کے روز مشقوں کے موقع پر صدر عبدالفتاح السیسی، خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، امیر کویت الشیخ صباح الاحمد الصباح، اردنی فرمانروا شاہ عبداللہ دوم، شاہ بحرین الشیخ حمد بن خلیفہ، ابو ظہبی کے ولی عہد الشیخ محمد بن زاید، سوڈان کے صدر عمر البشیر، امیر قطر الشیخ تمیم بن حمد سمیت افریقا،خلیجی ممالک اور دوسرے مسلمان ملکوں کے رہ نماوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔گذشتہ روز خفر الباطن میں جمع ہونے والے اسلامی دنیا کے سرکردہ قائدین نے شاہ سلمان سے الگ الگ بات چیت کی۔ فرداً فرداً ہونے والی ملاقاتوں میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پاکستانی وزیراعظم نواز شریف اور مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے علاقائی امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔

سعودی عرب میں مسلمان ممالک کے اشتراک سے شروع ہونے والی خطے کی سب سے ..

متعلقہ عنوان :