سلمان تاثیر کے مغوی صاحبزادے شہباز تاثیر کی بازیابی کے بعد 2011ء میں درج کی گئی ایف آئی آر پر دوبارہ تحقیقات کا فیصلہ

پولیس نے اغواء کاروں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کیلئے اہل خانہ سے شہباز تاثیر کا بیان ریکارڈ طلب کرنے کیلئے رابطہ کر لیا شہباز تاثیر اپنے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں ،میڈیا میں آکر بات کرنا ضروری ہوا تو خود دعوت دیں گے ‘ بھائی شہر یار تاثیر

بدھ 9 مارچ 2016 22:19

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 مارچ۔2016ء) لاہور پولیس نے سابق گورنر سلمان تاثیر کے مغوی صاحبزادے شہباز تاثیر کی بازیابی کے بعد 2011ء میں درج کی گئی ایف آئی آر پر دوبارہ تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے ، پولیس نے اغواء کاروں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کیلئے اہل خانہ سے شہباز تاثیر کا بیان ریکارڈ طلب کرنے کیلئے رابطہ کر لیا ۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے 26اگست 2011ء کو شہباز تاثیر کے اغواء کے بعد درج کی گئی ایف آئی آر کی دوبارہ تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں شہباز تاثیر کا بیان ریکارڈ کرنے کے لئے ان کے اہل خانہ سے رابطہ کیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق شہباز تاثیر کو ان کے اغواء کے شبے میں گرفتار ملزمان کی تصاویر بھی دکھائی جائیں گی جبکہ ان کی مدد سے دیگر ملزمان کے خاکے بھی تیار کئے جا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق شہباز تاثیر کا خاندان فوری طور پر کسی بھی طرح کی تحقیقات میں شامل ہونے کے لئے رضا مند نظر نہیں آتا اور ان کی طرف سے یہ موقف سامنے آیا ہے کہ شہباز تاثیر کو اتنا عرصہ گھر سے دور رہنے کے باعث ذہنی آرام کی اشد ضرورت ہے ۔ میڈیا کے سامنے آنے کے حوالے سے ان کے بھائی شہر یار تاثییر کا کہنا ہے کہ شہباز تاثیر ابھی اپنے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں اگر ضروری ہوا کہ وہ میڈیا میں آکر بات کریں تو اس بارے میڈیا کو از خود دعوت دیدی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :