پاکستان ورکرز فیڈریشن کے زیر اہتمام خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے پروگرام کا انعقاد

بدھ 9 مارچ 2016 21:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 مارچ۔2016ء ) پاکستان ورکرز فیڈریشن کے زیر اہتمام آئی ایل او بلڈنگ میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پروگرام منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر آئی ایل او بلنڈا چندا ،پاکستان ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری ظہور اعوان ،آل پاکستان اخبار فروش یونین کے جنرل سیکرٹری ٹکا خان ،اور سی ڈی اے مزدور یونین(سی بی اے) چوہدر ی محمد یسیٰن گروپ کے چیئرمین راجہ شاکر زمان کیانی ،ڈپٹی جنرل سیکرٹری اسد محمود ،چوہدری ظفر ،عباس خٹک ،عرفان خان ،سلیم بھٹی ،چوہدری بشیر مسیح کے علاوہ اسلام آباد کی ٹریڈ یونینز کے نمائندگان اور خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی ،اس موقع پر ڈائریکٹر آئی ایل او بلنڈا چندا اور پاکستان ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری ظہور اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان کی تمام خواتین کو مبارکباد پیش کرتے ہیں کہ آج کا یہ دن خواتین کے حقوق کی بھرپور عکاسی کرتا ہے ،پاکستان میں خواتین آبادی کا 52فی صد حصہ ہیں لیکن خواتین کی نمائندگی ہر شعبے میں قلیل تعداد میں ہے اور ملازمتوں ،تنخواہوں ودیگر معاملات میں بھی خواتین کی حق تلفی کی جاتی ہے جسکی وجہ سے پاکستان میں خواتین کو اپنے حقوق کے حصول میں مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور خاص طورپر حکومت پاکستان کو عام ورکرز خواتین کے لیے جوکہ کارخانوں ،فیکٹریوں اور گھریلو صنعت جیسے شعبوں میں کام کرتی ہیں خاطر خواہ قانون سازی کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ان شعبوں میں خواتین کی کثیرتعداد ہونے کے باوجود انکو اپنے حقوق کے سلسلے میں کوئی قانونی تحفظ حاصل نہیں ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے مزدور یونین کے چیئرمین راجہ شاکر زمان کیانی ،ڈپٹی جنرل سیکرٹری اسد محمود نے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے ) نے اپنے قائد چوہدری محمد یٰسین کی قیادت میں سی ڈی اے میں کام کرنے والی خواتین کے لیے بے شمار خدمات سرانجام دی ہیں جن میں خصوصاً سینی ٹیشن میں کام کرنے والی خواتین کے لیے 30فی صد پروموشن کوٹہ ،بیوہ فنڈ کا قیام ،سنیٹری ورکر خواتین کے لیے سائیٹ آفس کا قیام اور دیگر قانونی تحفظات کے ساتھ مسلم خواتین کو حج کوٹے میں نمائندگی اور مسیحی خواتین کو ویٹی کن سٹی کوٹے میں نمائندگی دے کر انکی بلا امتیاز خدمت کرنے کے علاوہ مزدور یونین نے یونین کی سطح پر بھی خواتین کو اپنی تنظیم میں بھرپور نمائندگی دی ہے تاکہ وہ ادارے میں کام کرنے والی خواتین کے حقوق کے لیے از خود جدوجہد کر تے ہوئے خواتین کے مسائل کو بھرپور طریقے سے حل کر سکیں ،پاکستان میں خواتین کے حقوق سے متعلق قوانین تو بنائے جاتے ہیں مگر ضرورت اس امر کی ہے کہ ان قوانین پر عمل درآمد بھرپور طریقے سے کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :