وزیراعلیٰ سے بیلاروس کے وزیر صنعت کی ملاقات،زراعت اور جنگلات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال، تجارتی و معاشی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق

شہبازشریف کو بیلاروس کے دورے کی باقاعدہ دعوت، پہلی فرصت میں بیلا روس کا دورہ کروں گا،وزیراعلیٰ پنجاب لاہور کے قریب ٹریکٹر اسمبلنگ کا پلانٹ لگائیں گے، تعلقات کو پائیدار بنیادوں پر آگے بڑھائیں گے،وزیر صنعت بیلاروس

بدھ 9 مارچ 2016 21:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 مارچ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے بدھ کو یہاں جمہوریہ بیلاروس کے وزیر صنعت ویٹالے میخائلووچ ووک نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور بیلا روس کے درمیان تجارتی و معاشی تعلقات بڑھانے اور زراعت، انڈسٹریز، مائننگ اور جنگلات کے شعبہ میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پنجاب اور بیلاروس کا زراعت، انڈسٹریز، مائننگ اور جنگلات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔

اس موقع پر بارٹر ٹریڈ سسٹم کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس ضمن میں مستقبل کیلئے جلد لائحہ عمل تیار کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ بیلا روس کے وزیر صنعت نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو بیلاروس کے دورے کی باقاعدہ دعوت بھی دی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے بیلاروس کے وزیر صنعت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بیلا روس کے درمیان اچھے دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔

گزشتہ ڈیڑھ برس کے دوران پاکستان اور بیلاروس کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹریز اور زرعی شعبے میں بیلاروس کے تجربے اور مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ دونوں ملکوں کے بزنس وفود کے زیادہ تبادلوں سے تعلقات معاشی تعاون میں بدل سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیلا روس کے سرمایہ کاروں کو پنجاب میں ہر طرح کی سہولت دی جائے گی تاکہ معاشی و تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دی جا سکے۔

وزیراعلیٰ نے بیلاروس کے دورے کی باقاعدہ دعوت پر وزیر صنعت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی پہلی فرصت میں بیلاروس کا دورہ کروں گا۔ ملاقات میں بیلاروس اور پنجاب حکومت کے درمیان تجارتی و معاشی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا۔ بیلا روس کے وزیر صنعت ویٹالے میخالووچ ووک نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ تعلقات کو پائیدار بنیادوں پر آگے بڑھائیں گے اور بیلا روس کے سرمایہ کار پاکستان خصوصاً پنجاب میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم لاہور کے قریب ٹریکٹر اسمبلنگ کا پلانٹ لگا رہے ہیں جس کا جلد سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان، صوبائی وزراء چوہدری محمد شفیق، شیر علی خان، وفاقی سیکرٹری اکنامک افیئرز ڈویژن اور متعلقہ حکام کے علاوہ جمہوریہ بیلا روس کے سفیراندرے جی ارمولووچ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :