وزیراعلیٰ شہباز شریف سے برطانوی وزیر خارجہ کی ملاقات، تجارتی و معاشی تعلقات کے فروغ اورمختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال

دہشت گردی اقوام عالم کا مشترکہ مسئلہ ہے ، مشترکہ کوششوں کے ذریعے ا س چیلنج سے نمٹا جا سکتا ہے، پاکستان اور برطانیہ کے مابین تعلقات میں حالیہ برسوں میں خاطرخواہ وسعت آئی ہے،شہبازشریف کی گفتگو پنجاب میں تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں غیر معمولی کام ہو رہا ہے، برطانوی ٹیکس پیئرز کے پیسے کا درست استعمال دیکھ کر خوشی ہوئی،فلپ ہیمنڈ

بدھ 9 مارچ 2016 21:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 مارچ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے برطانیہ کے وزیر خارجہ فلپ ہیمنڈ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور ، پاک برطانیہ تجارتی و معاشی تعلقات کے فروغ، تعلیم، صحت ، سکل ڈویلپمنٹ اور سیکورٹی امور سمیت مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات میں حالیہ برسوں میں خاطرخواہ وسعت آئی ہے اور وزیراعظم محمد نوازشریف کے دور حکومت میں دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کے نئے دور کی ابتدا ہوئی ہے ۔

برطانیہ اور پاکستان کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے ادارے ’’ڈیفڈ‘‘کے اشتراک سے پنجاب میں تعلیم، صحت اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں کی بہتری کیلئے بے پناہ کام کیا جا رہاہے اور تعلیم ، صحت اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں اصلاحات لائی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نوجوا نوں کو فنی تربیت کی فراہمی اور انہیں با اختیار بنانے پر سرمایہ کاری کر رہی ہے تاکہ نہ صرف وہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہو سکیں بلکہ معیشت کی مضبوطی میں بھی بھرپور کردار ادا کرسکیں ۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو با اختیار بنانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے تاریخ ساز اقدامات کئے گئے ہیں اور خواتین کی ترقی اور خوشحالی کیلئے گزشتہ چند برس کے دوران ایسی اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں جن سے وہ عملی میدان میں اپنی صلاحیتوں کامظاہرہ کر رہی ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ معاشرہ سے انتہاپسندانہ رحجانات کا خاتمہ کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کے ساتھ ضروری قانون سازی بھی کی گئی ہے ۔

دہشت گردی اقوام عالم کا مشترکہ مسئلہ ہے اور اس چیلنج سے مشترکہ کوششوں کے ذریعے نمٹا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ، سیاسی و عسکری قیادت دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ایک صفحے پر ہیں اور قائدؒ کے ویژن کے مطابق تحمل اور برداشت پر مبنی معاشرہ تشکیل دینے کے مشن پر گامزن ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں برطانیہ کے ٹیکس پیئرز کے پیسے کا درست، بروقت اور شفاف استعمال یقینی بنایا گیا ہے اور ہم پنجاب میں تعلیم، صحت اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں گرانقدر تعاون پر حکومت برطانیہ کے شکر گزار ہیں ۔

برطانیہ کے وزیر خارجہ فلپ ہیمنڈ نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب میں تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں غیر معمولی کام ہو رہا ہے اورپنجاب میں برطانوی ٹیکس پیئرز کے پیسے کا درست استعمال دیکھ کر خوشی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ترقیاتی میدان میں درست سمت آگے بڑھ رہا ہے اور میں پاکستان سے اچھا پیغام لیکر واپس جا رہا ہوں۔ وزیر اعظم کے مشیر طارق فاطمی ، صوبائی وزراء رانا ثناء اﷲ ، عائشہ غوث پاشا، خلیل طاہر سندھو، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری داخلہ اوراعلی حکام کے علاوہ برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریوبھی اس موقع پر موجودتھے-