حکومت پرائیویٹ اسکول مافیا کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہو گی ، تعلیی بل کسی صورت واپس نہیں لیا جائے گا ‘ چاہئے اسکولوں کو غیر معینہ مدت کیلئے بند ہی کیوں نہ کر دیا جائے‘گورنرپنجاب کی پرائیویٹ اسکولز کی کسی تنظیم سے بات نہیں ہوئی‘صوبائی وزیر تعلیم رانامشہود خان کا بیان

بدھ 9 مارچ 2016 20:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 مارچ۔2016ء) صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانامشہود خان نے آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کی جانب سے غیر معینہ مدت کیلئے اسکول بند کرنے کی دھمکی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پرائیویٹ اسکول مافیا کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہو گی ، تعلیی بل کسی صورت واپس نہیں لیا جائے گا چاہئے اسکولوں کو غیر معینہ مدت کیلئے بند ہی کیوں نہ کر دیا جائے۔

(جاری ہے)

بدھ کو ایک بیان میں رانا مشہود خان نے کہا کہ بل بچوں اور انکے والدین کے حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے منظور کیا گیا ہے،گورنرپنجاب حکومت اورپرائیویٹ اسکولزمالکان کے درمیان کردارادانہیں کررہے ،گورنرپنجاب کی پرائیویٹ اسکولز کی کسی تنظیم سے بات نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ گورنرپنجاب نے ہڑتال کرنیوالے پرائیویٹ اسکولز مالکان کومذاکرات کی دعوت نہیں دی۔ اس سے قبل آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کے صدر نے ہڑتال ایک ہفتے کیلئے موخر کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ آج سے پنجاب میں تمام پرائیویٹ اسکول کھولے جائیں گے تاہم اگر حکومت نے ایک ہفتے کے اندر تعلیمی بل 2016 واپس نہ لیا تو اسکول غیر معینہ مدت کیلئے بند کر دئے جائیں گے۔