غیر ضروری اور جعلی دواؤں کا استعمال گردوں کو ناکارہ کر دیتا ہے، دنیا بھر میں لوگوں کی بڑی تعداد گردوں کے مختلف امراض میں مبتلاہے

معروف طبی ماہرین کا گردوں کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ آگہی سیمینار سے خطاب

بدھ 9 مارچ 2016 20:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 مارچ۔2016ء) معروف طبی ماہرین نے کہاہے کہ غیر ضروری اور جعلی دواؤں کا استعمال گردوں کو ناکارہ کر دیتا ہے ، دنیا بھر میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد گردوں کے مختلف امراض میں مبتلاہے ،اس میں نہ صرف خواتین ومرد بلکہ بچے بھی شامل ہیں ۔ بدھ کوماہرامراض گردہ برائے اطفال اور شفاانٹرنیشنل ہسپتال کے ڈاکٹر مسرت حسین نے گردوں کے عالمی دن کے موقع پر شفاانٹرنیشنل میں منعقدہ آگہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کے بہت سے نوجوان جو جوانی میں گردوں کے کسی مرض میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔

ان میں یہ مرض بچپن سے پروان چڑہ رھا ہوتا ہے۔اس لیے گردوں کے حوالہ سے بچوں میں ہونے والی کسی بھی غیر معمولی بات سے غفلت نہ برتی جائے یاد رہے کہ اس سال گردوں کے عالمی دن کیلئے ڈبلیو ایچ او نے گردوں کی بیماریاں اور بچے موضوع قرار دیا ہے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر مسرت نے کہا کہ اگر مرض کی بروقت تشخیص ہو جائے تو عمر کے بڑھ بہت سی پریشانیوں سے بچا جا سکتا ہے ۔

اس موقع پر شفاانٹرنیشنل ہسپتال کے ماہر امراض گردہ ڈاکٹر نیر محمود نے کہا کہ آج جب ہم گردوں کے بڑھتے ہوئے مرض کاجائزہ لیتے ہیں تو یہ بات سامنے آتی ہے کہ مرض کا باقاعدہ اور ماہر ڈاکٹر سے علاج کرانے کے بجائے لوگ گھریلو ٹوٹکے۔اور عطائی معالجین کو ترجیح دیتے ہیں باقی کسر جعلی دواؤں نے پوری کر دی۔یو ں اولین وقت جب گردہ کا بہتر طور پرعلاج ممکن ہے ضائع کردیاجاتاہے اور مریض کے گردے ناکارہ ہوجاتے ہیں۔

اور نوبت ڈائیلسز اور گردوں کی پیوندکاری کی ضرورت تک پہنچ جاتی ہے۔اس لئے ضرورت اسی بات کی ہے کہ لوگوں کو گردوں کے بارے میں اور ان کے ممکنہ امراض سے زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کی جائے۔شفا انٹر نیشنل ہسپتال کے اس سیمینار میں ڈاکٹروں نرسوں،طلبہ کے علاوہ عام لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر گردوں کی صحت کا جائزہ لینے کیلئے حاضرین کا کریٹن ٹسٹ بھی مفت کرایا گیا۔

سمینار سے شفا انٹرنیشنل کے یورولوجسٹ ڈاکٹر اعجاز حسین نے بھی خطاب کیا اور بتایا کہ گردہ کے فیل ہونے کے باوجود مایوسی کی کوئی بات نہیں ڈائیلسز کے ذریعہ مریض اپنے مرض پرکچھ عرصہ قابو کر سکتا ہے اور جب ممکن ہو گردہ کی پیوند کاری کے ذریعہ پورے طور پر صحت یاب ہو سکتا ہے۔شفا انٹرنیشنل کی ماہر غذاوغذائیت ڈاکٹررزان خان نے کہا کہ گردہ کی خرابی میں نامناسب غذا بھی اہم کردار ہے،اس لئے بچے ہوں یا بڑے انہیں مناسب اور صحت مند غذا لینی چائیے تاکہ صحت مند زندگی گزار سکیں۔

متعلقہ عنوان :