کراچی، صحتمند عورت صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی ہے،ڈاکٹرسلمیٰ کوثر

بدھ 9 مارچ 2016 19:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 مارچ۔2016ء) خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ صحت کے تحت ’’صحت مند عورت صحت مند معاشرہ‘‘ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا ، سیمینار کی صدارت سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز ڈاکٹر سلمیٰ کوثر نے کی جبکہ اس موقع پر پرنسپل کے ایم ڈی سی پروفیسر نرگس انجم، رجسٹرار ویمن ہراسمنٹ ایمپلی مینٹیشن ایکٹ 2010 حنا پیرزادہ،بلدیہ عظمیٰ کراچی کی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ مارگریٹ میری ،ڈاکٹر رشید ویانی،زیڈ ایچ خرم سمیت دیگر نے خطاب کیا ، سمینار میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اسپتالوں میں تعینات خواتین میڈیکل اور پیرامیڈیکل اسٹاف سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات و سماجی کارکنوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز ڈاکٹر سلمیٰ کوثر نے کہا کہ صحت مند عورت صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی ہے کیونکہ اگر عورت صحت مند ہوگی تو نہ صرف معاشرہ صحت مند ہوگا بلکہ آنے والی نسلیں بھی صحت مند ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی خواتین کی صحت کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقہ سے انجام دے رہی ہے اور فنڈز کی کمی و نامساعد حالات کے باوجود خواتین کے لئے شہر کے ہر علاقے میں زچہ بچہ مراکز سمیت کئی اسپتال نمایاں مقام رکھتے ہیں جن میں سوبھراج میٹرنٹی اسپتال، گذدرآباد میٹرنٹی ہوم اور عباسی شہید اسپتال میں عورتوں کی صحت کے حوالے سے بے مثال کام انجام دیئے جارہے ہیں اور انہیں صحت کے حوالے سے تمام تر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، انہوں نے کہا کہ خواتین کے سماجی استحصال کے خلاف آواز اٹھانے کے لئے تمام خواتین کو متحد ہونا پڑے گا تاکہ معاشرے سے خواتین کے ساتھ کئے جانے والے امتیازی سلوک کا خاتمہ ہو کیونکہ خواتین کو معاشرے میں مردوں کے برابر حقوق حاصل ہیں لہٰذا خواتین کو ہراساں کرنے اور ان پر تشدد کرنے والے عناصر کو کڑی سزا دینا ضروری ہے۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ خواتین کو جاگیردارانہ نظام کے خلاف عملی جدوجہد کرنا ہوگی۔ مقررین نے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے اپیل کی کہ وہ خواتین کی سماجی اور معاشی ترقی کے لئے اقدامات کریں تاکہ وہ معاشرے کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرسکیں۔ سیمینار کے بعد علامتی واک کا بھی اہتمام کیا گیا واک میں شرکاء نے خواتین کے حقوق کے حوالے سے بینرز اور پوسٹرز اٹھائے ہوئے تھے۔

متعلقہ عنوان :