پاکستان اور فرانس کے درمیان پائیدارشراکت داری قائم ہے ، پاکستان فرانس کے ساتھ اپنے موجودہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہش مندہے ، انتہا پسندی، دہشتگردی کے خاتمے اور گڈگورننس کے قیام کیلئے پاک فرانس قریبی تعاون ناگزیر ہے

سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق کی فرانسیسی سفیر سے ملا قات میں گفتگو

بدھ 9 مارچ 2016 18:54

اسلا م آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 مارچ۔2016ء) سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق نے پاکستان اور فرانس کے درمیان پائیدارشراکت داری کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان فرانس کے ساتھ اپنے قریبی دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور اقتصادی وپارلیمانی روابط کو فروغ دے کر موجودہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہش مندہے ، انتہا پسندی دہشت گردی کے خاتمے اور گڈگورننس کے قیام کے لیے پاکستان اور فرانس کے مابین قریبی تعاون ناگزیر ہے ۔

وہ بد ھ کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں فرانس کی سفیر مارٹن ڈورینس سے ملا قات میں گفتگو کررہے تھے ۔سپیکر نے سفیر کو پائیدار تر قی کے اہداف کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس میں سیکر ٹریٹ کے قیام اور پارلیمنٹ کے شمسی توانائی کے منصوبے کی تفصیلا ت سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے سفیر کو قومی اسمبلی میں پاک- فرانس دوستی گروپ کی تشکیل سے آگاہ کرتے ہوئے دونوں ممالک میں پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینے ، اراکین پارلیمنٹ کے وفود کے تبادلوں اورپاکستان میں جمہوریت کے فروغ کے لیے پاک -فرانس پارٹنر شپ کی ضرورت پر زور دیا ۔

سپیکر نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں تجارت کے شعبے میں فرانس کا دوسر ا بڑاپا رٹنر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور فرانس کے مابین تعلقات عوامی رابطوں پر استوار ہیں ۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں اضافے کے لیے دونوں ممالک کی تاجر برادری کے مابین روابط کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔انہوں نے فرانس کی طر ف سے مشکل وقت میں پاکستان کی فراخدلانہ امداد پر فرانس کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا ۔

انہوں نے دونوں ممالک کے مابین سائنس ،تحقیق ،توانائی ،ماحول ،تعلیم اورلا ئیو سٹاک کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پربھی زور دیا ۔فرانس کی سفیر مارٹن ڈورنس پارلیمنٹ کی بلڈنگ کو شمسی توانائی پر منتقل ہونے اورقومی اسمبلی میں پائیدار تر قی کے اہداف کے حصول کے لیے سیکر ٹر یٹ کے قیام پر سپیکر کو مبارک باد دی ۔انہوں نے دہشت گردی کے خلا ف عالمی جنگ میں پاکستان کے کردار کو سر اہتے ہوئے اپنی حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلا یا ۔

انہو ں نے پاکستان میں جمہوریت کے فروغ اور جمہوری اداروں کے استحکا م اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہا ر کرتے ہوئے پاکستان میں سول اداروں کی استعداد کار میں اضافے کے لیے فرانس کے عزم کو دہرایا ۔انہوں نے توانائی ،تعلیم ،ماحول اور زراعت کے شعبوں میں فرانس کی طرف سے تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی ۔انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں موجود چیلنجز پر قابو پانے کے لیے دونوں ممالک کے مابین قر یبی تعاون انتہائی ضروری ہے۔