قصور میں مزدوروں اوربھٹہ مالکان کے معاملات حل کرنے کیلئے سرکاری کمیٹی قائم

Zeeshan Haider ذیشان حیدر بدھ 9 مارچ 2016 18:25

قصور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 09 مارچ۔2015ء) ڈی سی او قصور سلمان غنی اور ڈی پی او سید علی ناصر رضوی سے بھٹہ خشت مالکان اور بھٹہ مزدور ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے وفد نے ملاقات کی جس میں سوشل سیکورٹی کارڈ ‘چائلڈ لیبر ، بھٹہ مزدور کی اجرت پر عملدرآمد اور پیشگی جیسے مسائل کا جائزہ لیا گیا اور انکے حل کیلئے کمیٹی قائم کی گئی ۔

اس موقع پر ایم این اے رانا محمد حیات خاں ، ایم پی اے ملک احمد سعید خاں ، ڈی او لیبر ارشد محمود تارڑ ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل سیکورٹی شہزاد احمد ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر جاوید اختر ،ڈی او سوشل ویلفیئرعبادعلی جتالہ ، چیئر مین بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن چوہدری محمد نواز، صدر بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن اشفاق احمد جوما ، جنرل سیکرٹری بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن مہر عبدالحق ، لیگل ایڈوائزر بھٹہ مزدور ایسوسی ایشن چوہدری امتیاز احمد ، صدر بھٹہ مزدور ایسوسی ایشن صادق مسیح اور اسکے علاوہ بھٹہ مالکان اور مزدوروں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے اپنے اور لیبر یونین کے عہدیداروں اور مزدوروں نے اپنے اپنے مسائل سے آگاہ کیا ۔ جس پر ڈی سی او اور ڈی پی او قصور نے واضح کیا کہ حکومت کی طرف سے مقرر کردہ ریٹ 962روپے پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائیگااور ضلع میں کسی کوامن وامان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دینگے ۔ڈی سی او نے متعلقہ افسران کو حکم دیا کہ بھٹہ مزدوروں کے زیادہ سے زیادہ سوشل سیکورٹی کارڈ بنائے جائیں اور اسکی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ دی جائے ۔

اس کے علاوہ بھٹہ مزدوروں کی پیشگی کے حوالے سے بھی معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اسکے حل کیلئے ایک کمیٹی قائم کر دی گئی جس میں چار بھٹہ مالکان ‘چار بھٹہ مزدوروں کے نمائندے ‘ڈی او لیبر اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل سیکورٹی کارڈ شامل ہونگے اور یہ کمیٹی تمام معاملات کا تفصیلی جائزہ لے گی اور ہر پندرہ روز بعد بھٹہ مالکان اور بھٹہ مزدوروں کے مسائل کے حل کیلئے میٹنگ ہوا کریگی جس میں تمام مسائل کو حل کیا جائیگا۔ اس موقع پر بھٹہ مزدوروں اور بھٹہ مالکان نے ضلعی حکومت کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔

متعلقہ عنوان :