وفاقی وزیر داخلہ کا شبقدر میں دہشتگردوں کا مقابلہ کر نے والے پولیس اہلکارکو تمغہ شجاعت دینے اور خاندان کیلئے مالی امدادکا اعلان

خیبر پختونخوا پولیس دہشت گردی کی جنگ میں صف اول میں قربانیاں دے رہے ہیں،چوہدری نثار

بدھ 9 مارچ 2016 17:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 مارچ۔2016ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے شبقدر میں دہشت گردوں کے خلاف مزاحمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے خیبر پختونخوا پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل کو تمغہ شجاعت اور اسکے خاندان کو مالی امداد دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس دہشت گردی کی جنگ میں سب سے اگلی صف میں کھڑے ہوکر قربانیاں دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بدھ کو ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وزیر داخلہ نے شبقدر میں دہشت گردی کے واقع میں دہشت گردوں کی مزاحمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے خیبر پختونخوا پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل کو تمغہ شجاعت اور اسکے خاندان کو مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ انتہائی بہادری سے اپنی جان دے کر مذکورہ اہلکار نے درجنوں بے گناہوں کی جانیں بچائیں جسکی کوئی قیمت نہیں، خیبر پختونخوا کی پولیس اور سیکیورٹی ادارے انتہائی جرات سے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں اور وہ دہشت گردی کی جنگ میں سب سے اگلی صف میں کھڑے ہوکر قربانیاں دے رہے ہیں۔