عالمی ادارہ صحت کا بچوں میں اینٹی ڈپریسنٹ ادویات کا بڑھتے ہوئے استعمال پر تشویش کا اظہار

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 9 مارچ 2016 17:06

عالمی ادارہ صحت کا بچوں میں اینٹی ڈپریسنٹ ادویات کا بڑھتے ہوئے استعمال ..

لندن(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔09مارچ۔2016ء)عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق بچوں میں اینٹی ڈپریسنٹ ادویات کا بڑھتا ہوا استعمال باعث تشویش ہے۔ 2004 کے اس انتباہ کے بعد کہ ادویات کا استعمال خودکش رویے کا باعث بن سکتاہے ان ادویات کے استمعال میں کمی آئی تھی۔تاہم ایک نئی تحقیق کے مطابق 2005 سے 2012 کے دوران برطانیہ میں نوجوانوں کے لیے اینٹی ڈپریشن ادویات کے نسخے تجویز کرنے میں 54 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔

تحقیق کے مطابق اسی مدت کے دوران ڈنمارک میں 60 فیصد، جرمنی میں 49 فیصد، امریکہ میں 26 فیصد، اور ہالینڈ میں 17 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ڈبلیو ایچ او میں دماغی صحت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شیکھر سکسینہ کا کہنا ہے کہ سائنسی جریدے یوروپین جرنل آف نیوروسائیکوفارماکولوجی میں شائع ہونے والی تحقیق سے کئی سنگین سوالات پیدا ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ کہتے ہیں دو وجوہات کی بنا پر نوجوانوں میں اینٹی ڈپریشن ادویات کا استعمال باعث تشویش ہے۔

پہلی وجہ کیا زیادہ سے زیادہ لوگوں کو بغیر کسی جامع وجہ کے اینٹی ڈپریشن ادویات تجویز کی جارہی ہیں؟ اور دوسری وجہ کیا اینٹی ڈپریشن ادویات کسی بڑے نقصان کا سبب بن سکتی ہیں؟ڈبلیو ایچ او کو درپیش ایک اور اہم پریشانی ا ن ادویات کی ترویج ہے جوکہ 18 سال سے کم عمر بچوں میں استعمال کے لیے لائسنس یافتہ نہیں ہیں اور اس کے باوجود تجویز کی جارہی ہیں۔

ڈاکٹر سکسینہ کہتے ہیں یہ وہ دوائیں ہیں جن کے تجربات کم عمر افراد پر نہیں کیے گئے ہیں اور نوجوانوں میں ان کے وسیع پیمانے پراستمعال کا کوئی جواز نہیں ہے۔جن ادویات کو 18 سال سے کم عمر بچوں کے لیے لائسنس حاصل نہیں ہے ان کے آف لیبل نسخے پر بھی ادارے کو تشویش ہے۔بچوں میں ڈپریشن کے روک تھام اورعلاج کے لیے اینٹی ڈپریشن دواوں کا استعمال مروجہ طریقہ ہے۔

تاہم برطانیہ کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ہیلتھ اینڈ کیئر ایکسیلینس (این آئی سی ای) کے ضوابط کے مطابق ان ادویات کو ڈپریشن کی ابتدائی علامت میں تجویز نہیں کیا جانا چاہیے۔ڈپریشن کے زیادہ سنگین مرحلے میں بھی اینٹی ڈپریشن ادویات صرف نفسیاتی طریقہ علاج (سائیکو تھیراپی) کے ساتھ ہی تجویز کی جاسکتی ہیں۔20 سالہ جارج واٹکنس کو 15 سال کی عمر میں ایٹی ڈپریشن ادویات تجویز کی گئی تھیں جو اب تک جاری ہیں جبکہ ان دواوں کے ساتھ کوئی دوسرا طریقہ علاج انھیں تجویز نہیں کیا گیا تھا۔

جارج واٹکنس کہتے ہیں میرے ڈاکٹر نے محض پانچ منٹ کی گفتگو کے بات مجھے اینٹی ڈپریشن لکھ کر دے دی تھی مجھے مشاورتی علاج ( کاونسلنگ) یا اس قسم کا کوئی دوسرا علاج نہیں تجویز کیا گیا تھا بلکہ براہ راست دوائیں دی گئی تھیں۔انگلینڈ کی حکومت کی دماغی صحت کی ماہر نتاشا ڈیوون کہتی ہیں کہ کم عمر افراد کے لیے مشاورتی علاج (ٹاکنگ تھیراپی)تک رسائی ایک بڑا مسئلہ رہا ہے۔

وہ بتاتی ہیں یقیناً یہ ایک مسئلہ ہے کہ اس طریقہ علاج کے لیے انتظار کی فہرست طویل ہے۔ اگر آپ خوش قسمت ہیں تو آٹھ ہفتے لگیں گے جبکہ عموماً یہ انتظار کئی مہینوں لمبا ہوتا ہے، اور اس دوران آپ کا تمام تر انحصار اینٹی ڈپریشن ادویات پر ہی ہوتا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اپنے پیشے کی غرض سے سکولوں کے دورے کے دوران انھیں معلوم ہوا کہ بچوں میں اینٹی ڈپریشن ادویات کا استعمال بہت بڑھ گیا ہے جو باعث تشویش ہے۔

وہ کہتی ہیںیہ صرف علامات کا علاج تو کرسکتی ہیں لیکن مسئلے کی جڑ تک نہیں پہنچ سکتیں۔این آئی سی ای کے کلینیکل پریکٹس کے شعبے کے ڈائریکٹر پروفیسر مارک بیکر کہتے ہیں بچوں اور نوعمرجوانوں کی دماغی صحت پر کام کرنے والے اداروں تک رسائی ایک بڑھتا ہوا مسئلہ ہے۔برطانیہ کے رائل کالج آف جنرل پریکٹشنرز کی ڈاکٹر ربیکاپین کے مطابق ڈاکٹرز (جنرل فزیشنز) این آئی سی ای کے اصول و ضوابط کے پابند ہیں اور اینٹی ڈپریشن ادویات اب صرف اس مرض کے ماہرین کی سطح پر مریضوں کو تجویز کی جاسکتی ہیں۔

تاہم وہ تسلیم کرتی ہیں کہ یہ نظام ان بچوں کے لیے علاج مہیا کرنے میں دباو کا شکار ہے جن میں مرض کی علامت ایک حد تک پائی جاتی ہیں۔وہ کہتی ہیں ابتدائی علامات کی نشاندہی اور علاج سکولوں میں موجود کاونسلرز کرسکتے ہیں جبکہ وہ افراد جن کا مرض اگلے مراحل میں داخل ہوچکاہے نفسیاتی ماہرین اور دماغی امراض کے ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کرسکتے ہیں۔

ڈاکٹر کرسچین بکمین کی سربراہی میں عالمی ادارہ صحت کے تحت کی جانے والی تحقیق کو مختلف ممالک کے لیے انتباہ کے طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے کہ وہ بچوں میں ڈپریشن کے مرض سے نمٹنے کے طریقہ کار پر نظرثانی کریں۔ڈاکٹر سکسینہ کہتے ہیں بچوں میں کب، کیسے، اور کتنے عرصے تک اینٹی ڈپریشن ادویات کا استعمال کیا جارہاہے پر مزید تحقیقات کرنے کی ضرورت ہے۔وہ کہتے ہیں کئی سال تک مسلسل یہ نسخے تجویز کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔نو عمر بچے اور نوجوان، عمر کے ان حصوں میں ہیں جہاں وقت کے ساتھ ان کی نمو ہوتی ہے اور وہ آگے بڑھتے جاتے ہیں اور اپنےڈپریشن کو بھی پیچھے چھوڑ سکتے ہیں۔