ایم کیو ایم پر لگنے والے الزامات کا میری جماعت سے تعلق نہیں، سینیٹر رحمن ملک

بدھ 9 مارچ 2016 16:31

اسلام آباد ۔ 9 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 مارچ۔2016ء) سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمن ملک نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پر لگنے والے الزامات کا میری جماعت سے تعلق نہیں، را کے ساتھ ایم کیو ایم کے تعلقات کا علم نہیں۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہرمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ پر لگنے والے الزامات کا تعلق میری پارٹی سے نہیں، یہ ایم کیو ایم کا اندرونی معاملہ ہے، مصطفیٰ کمال نے میرے متعلق سوالات کے جواب نہیں دیئے،بطور وفاقی وزیر داخلہ ایم کیو ایم سے را سے تعلقات کا علم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پر مصطفیٰ کمال کے الزامات کے بعد حکومت تحقیقات کیلئے کمیشن بنائے تاکہ اس حوالے سے تحقیقات کرکے سارا معاملہ منظر عام پر لایا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پر الزامات کے بعد اب سیاسی جماعتوں کو ایکشن کمیشن میں ملک دشمن سرگرمیوں کے حوالے سے بیان حلفی دینا چاہئے، ڈاکٹرعمران فاروق قتل کے بعد ڈاکٹر کے ہی تحریر کئے گئے را کے حوالے سے انکشافات بھی ہورہے ہیں۔

سینیٹر رحمن ملک نے کہا کہ حکومت کے خفیہ ادارے وزارت داخلہ کے ماتحت نہیں بلکہ وزیراعظم پاکستان کو جوابدہ ہوتے ہیں، میرے پاس اس حوالے سے کبھی آئی بی اورآئی ایس آئی کی رپورٹ نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ میری غیرموجودگی میں بعض اینکر پرسن پروگرام کی ریٹنگ بڑھانے کیلئے اس طرح کی باتیں کررہے ہیں، ان کے خلاف پیمرا قوانین کے تحت دو ارب روپے کے ہرجانے کا دعویٰ کروں گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے سابق صدر آصف علی زرداری کے حوالہ سے کہا کہ وہ بیرون ملک اپنا علاج کروا رہے ہیں ،وہ صحت یابی کے بعد جلد پاکستان آئیں گے۔

متعلقہ عنوان :