قومی سلامتی کے اداروں کی کامیاب کارروائیوں سے ملک و ملت دشمنوں کا گٹھ جوڑ کمزور ہوا، سہولت کاروں کے خلاف بلا تفریق کارروائی سے ہی کامیابی ممکن ہے

سید نیئر حسین بخاری

بدھ 9 مارچ 2016 15:18

اسلام آباد ۔ 9 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 مارچ۔2016ء) سابق چیئرمین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ حکومتی رٹ کو چیلنج کرنے والے آخری قانون شکن کے مکمل خاتمے تک چین سے نہ بیٹھا جائے، قومی سلامتی کے اداروں کی کامیاب کارروائیوں سے ملک و ملت دشمنوں کا گٹھ جوڑ کمزور ہوا ہے، ان عناصر کے سہولت کاروں، مددگاروں اور سرپرستوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی سے ہی کامیابی ممکن ہے۔

مقتول گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے اغواء شدہ بیٹے شہباز تاثیر کی بازیابی پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ شہباز سلمان تاثیر کے اغواء کنندگان، ان کے مددگاروں کے بارے میں باریک بینی سے تحقیق کی جائے اور پاک افغان سرحد کچلاک بلوچستان پہنچانے والوں کی نشاندہی اور بازیابی کی کامیاب کارروائی کے بارے میں قوم کو پارلیمنٹ کے ذریعے پورے سچ سے آگاہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

نیئر بخاری نے کہا کہ ملک بھر میں حکومتی و ریاستی رٹ کے مکمل قیام سے ہی انتہاء پسندانہ سوچ اور سوچ پیدا کرنے والی طاقتوں کو ختم کیا جا سکتا ہے۔ سید نیئر حسین بخاری نے امید ظاہر کی کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کو بھی کامیاب کارروائی کے ذریعے بازیاب کرالیا جائے گا۔ سید نیئر حسین بخاری نے مزید کہا کہ قومی سلامتی کے اداروں نے ملکی سلامتی اور شہریوں کی پرامن اور محفوظ زندگی کی خاطر بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ انتہاء پسندانہ سوچ کے خلاف پوری قوم قومی سلامتی کے اداروں کے شانہ بشانہ ہے۔

متعلقہ عنوان :