پاکستان اور بیلاروس کے مابین دوسرے مشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس

بدھ 9 مارچ 2016 14:56

اسلام آباد ۔ 9 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 مارچ۔2016ء) پاکستان اور بیلاروس کے مابین دوسرے مشترکہ وزارتی کمیشن کا دو روزہ اجلاس وفاقی وزیر تجارت انجنئیر خرم دستگیر خان اور بیلاروس کے وزیر صنعت وٹالی ایم ووک کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاکستان اور بیلاروس کے مابین تجارت، صنعت، زراعت، دفاعی تعاون، سرمایہ کاری، ٹیکسٹائل، صحت، فارماسیوٹیکل، سائنس اور تکنیکی شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

مذاکرات میں دونوں ممالک کے مابین تجارت میں اضافے کیلئے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔ دونوں وزراء کے مابین براہ راست ملاقات بھی ہوئی جس میں دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعلقات کے فروغ کی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔ وزارتی کمیشن کے دوران مشترکہ تجارتی کمیٹی کی میٹنگ بھی منعقد ہوئی جس میں پاکستان سے چاول، پھل، سبزیوں، لیدر پراڈکٹس، سرجیکل آلات، ٹیکسٹائل، سپورٹس کا سامان اور فارما سیوٹیکل کی برآمدات کیلئے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔ بیلاروس سے بھاری مشینری کی درآمد پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس دو روز جاری رہے گا۔ اجلاس کے آخری دن مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :