وزیراعظم آرمی چیف کے ہمراہ 3روزہ سرکاری دورے پرسعودی عرب روانہ ہوگئے

بدھ 9 مارچ 2016 14:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 مارچ۔2016ء ) وزیراعظم نوازشریف تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہوگئے ۔ وزیر اعظم میاں نواز شریف کے ہمراہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف اوروزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ وزیراعظم کو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود نے سعودی عرب کے دورہ کی خصوصی دعوت دی جہاں وہ فوجی مشق نارتھ تھنڈر کی اختتامی تقریب میں شرکت کرینگے۔

جاری فوجی مشق کو دیکھنے اور اس کی اختتامی تقریب میں شرکت کیلئے متعدد ملکوں کے سربراہان مملکت اور حکومت کو بھی مدعو کیا گیا ۔پاکستان سمیت اکیس ملکوں کے فوجی سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں اس مشق میں حصہ لے رہے ہیں۔ فوجی مشقوں میں حصہ لینے والوں میں پانچ خلیجی ممالک بھی شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

اس مشق کا بنیادی مقصد دہشتگرد گروپوں کی جانب سے درپیش خطرے کے جواب میں تربیت کے عمل کو بہتر بنانا ہے۔

پاکستان اور سعودی عرب دفاع اور انسداد دہشتگردی کے شعبوں سمیت کثیرجہتی تعاون کررہے ہیں۔پاکستان کے عوام سعودی عرب کو انتہائی احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔حکومت پاکستان نے اس عزم کااعادہ کیاہے کہ وہ سعودی عرب کی علاقائی سالمیت اورخودمختاری کودرپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے ہمیشہ سعودی عرب کا بھرپور ساتھ دے گی۔

متعلقہ عنوان :