پنجاب میں کرپشن کے پل تعمیر ہوچکے ہیں،ڈاکٹر نوشین حامد

بدھ 9 مارچ 2016 14:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔09 مارچ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ پنجاب میں کرپشن کے پل تعمیر ہوچکے ہیں،پنجاب میں لینڈ ریکاڈ کمپوٹرائز ڈ کرنے کی تقریب دراصل نیب حکام کو ڈرانے کے لئے منعقد کی گئی ،روز نیب افسران کو پنجاب میں دھمکایا جاتا ہے ، حکومت پنجاب کا یوتھ فیسٹول بڑا فراڈ کیس ہے ، اس فیسٹول میں جعلی ورلڈ ریکاڈ بناکرملک کی بدنامی کی گئی اور اخراجات کا کوئی ریکاڈ مرتب نہیں کیا گیا، حکومت پنجاب میڑوبس پراجیکٹ اور یوتھ فیسٹول کے اخراجات کا ریکاڈ پبلک اکاؤ ئنٹس کمیٹی کو فراہم کرے، حکومت پنجاب کے ذمہ داران پبلک اکاؤ ئنٹس کمیٹی کے سامنے پیش ہونے سے خوف زدہ ہے، ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ احتساب سے بچنے کے لئے سرکاری وسائل لوٹنے والے اکٹھے ہورہے ہیں لیکن اس بار ان کا گٹھ جوڑ کامیاب نہیں ہوسکے گا ، انہوں نے کہاکہ عوام شفاف احتساب چاہتے ہیں ،پورے ملک میں احتساب کا نعرہ لگ رہا ہے ،ملک کے کونے کونے ،کوچہ کوچہ اور قریہ قریہ میں احتساب کا مطالبہ کیا جارہا ہے ،عوام کے وسائل پر ڈاکہ ڈالنے والے اب احتساب کے مطالبہ پر پریشان نظر آرہے ہیں،وہ خود کو بچانے کے لئے نئی جتھہ بندی کررہے ہیں مگر انہیں اپنے کئے کا حساب دینا ہوگا ،انہوں نے کہاکہ ملک میں شفاف احتساب کا نعرہ سب سے پہلے پاکستان تحریک انصاف نے لگایا اور عوام میں یہ نعرہ مقبول ہوچکا ہے ،پاکستان تحریک انصاف شفاف احتساب پریقین رکھتی ہے اور اس حوالے سے پارٹی کے چےئر مین عمران خان کا موقف واضح ہے ۔

متعلقہ عنوان :