عوام باشعورہو چکے، آئندہ عوام کسی کو منفی سیاست کا ڈرامہ رچانے نہیں دینگے ،رانا ثناء اللہ

بدھ 9 مارچ 2016 13:48

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔09 مارچ۔2016ء) صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناء الله خاں نے کہا ہے کہ ا گر عمران خان دھرنا و لانگ مارچ کا ڈرامہ نہ رچاتے تو ترقی کا کافی سفر مکمل ہو چکا ہے۔ افراتفری کی سیاست ملکی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔ عوام باشعورہو چکے ہیں آئندہ عوام کسی کو منفی سیاست کا ڈرامہ رچانے نہیں دیں گے ۔ مسلم لیگ کی حکومت پر کرپشن کے الزامات لگانے والوں کے پاس اگر ثبوت ہیں تو سامنے لائیں۔

کوئی مائی کا لال ہماری حکومت پر ایک پائی کی کرپشن کا الزام ثابت نہیں کر سکا ، حکومت توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے کوشاں ہے اور بہت جلد بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوجائے گا۔ ملک سے دہشت گردی کاخاتمہ اور خوشحالی و پر امن پاکستان حکومت کی اولین ترجیحات ہیں آن لائن کے مطابق انہوں نے یہ باتیں فیصل آباد میں ایک کمیونٹی سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ عمران خان نے منفی سیاست کرکے ملک و قوم کا وقت ضائع کر رہے ہیں ۔ دھرناکی ناکامی کے بعد وہ بوکھلاہٹ شکار ہو چکے ہیں ۔ بلدیاتی الیکشن میں ناکامی کے بعد انہیں اپنی حیثیت کا اندازہ ہو جانا تھا مگر ان کی خود غرضی کی سیاست ملکی معیشت پر برے اثرات مرتب کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کی بدولت بیرون ملک کے سرمایہ کاروں نے پاکستان کا رخ کر لیا ہے ۔

بڑے معاہدوں سے بے روز گاری کا خاتمہ ہو رہا ہے ۔ چائنا سے 39 ارب ڈالر کے معاہدوں سے ترقی کی نئی راہیں کھلی ہیں ۔صوبائی وزیرقانون نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری پر کام تیز ی سے جاری ہے ۔موجودہ حکومت توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کر رہی ہے ۔حکومت گیس کی قلت پر قابو پانے کیلئے بھی حکومت ٹھوس اقدامات کر رہی ہے یہی وجہ ہے کہ حکومتی پالیسیوں کے ثمرات تیزی سے عوام کو منتقل ہو رہے ہیں ۔

ملک و قوم کی خدمت مسلم لیگ(ن)کی سیاست کا محور ہے ۔ رانا ثناء الله خاں نے کہا ہے کہ حلقہ پی پی 70کے تمام دیرینہ مسائل کا خاتمہ کر دیا گیا ہے ۔ سکولوں کی اپ گریڈیشن ‘ کمیونٹی سنٹر ز ‘ جنرل ہسپتال ‘ چلڈرن ہسپتال ‘ گورنمنٹ وومن ڈگری کالج ‘سٹیٹ آف دی آرٹ سینتھیٹک ٹریک کے قیام سمیت سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور سٹریٹ لائٹس کی تنصیب سے حلقے کے عوام کا معیار زندگی بلند ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اب علاقہ میں کوئی بڑامسئلہ نہیں رہ گیا ہے جسے حل کیا جا سکے۔قبل ازیں چیئرمین ملک عمران ‘ چیئرمین عاشق رحمانی ‘ وائس چیئرمین عبدالحمید بھولا نے رانا ثناء الله خاں کی ریکارڈ عوامی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سٹی کونسل کی چند گلیوں کی پرانی سیوریج کی تبدیلی کا مطالبہ کیا جسے رانا ثناء الله خاں نے جلد حل کرانے کی یقین دہانی بھی کرائی ۔

متعلقہ عنوان :