چشتیاں کے کرپٹ ایکسین،ایس ڈی اوزاور لائن مینوں کی لوٹ مار کافوری نوٹس لیا جائے،ضلعی انجمن آڑھتیان غلہ منڈی اور 20 لیگی کونسلروں کا مطالبہ

بدھ 9 مارچ 2016 13:45

چشتیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔09 مارچ۔2016ء)ضلعی صدر انجمن آڑھتیان غلہ منڈی چوہدری عمران فیصل، انجمن آڑھتیان سبز منڈی کے صدر چوہدری امن کلیم ، انجمن آئرن سٹور کے صدر چوہدری محمد رمضان ، صدر ہارڈویئر یونین حاجی محمد سلیم ، پاکستان مسلم لیگ ن کے نو منتخب کونسلروں چوہدری عبدالرزاق ،چوہدری اشرف ایڈووکیٹ ، سجاد ہاشمی ، رانا عامر سہیل سمیت مسلم لیگی 20کونسلروں نے وزیر اعظم پاکستان ، وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر مملکت پانی و بجلی سے اپنے مطالبے میں کہا ہے کہ میپکو ڈویژن(واپڈا)چشتیاں کے کرپٹ ایکسئین ، ایس ڈی او ز ، لائن سپرنٹنڈنٹ اور لائن مینوں کی لوٹ مار اور طرز عمل کا فوری نوٹس لے کر تبادلے کر کے فرض شناس اور ایماندار افسران تعینات کیے جائیں بصورت دیگر احتجاج کا راستہ اختیار کریں گے ۔

(جاری ہے)

اس امر کا اظہار انہوں نے گلبرگ ٹاؤن چشتیاں میں ایک پر ہجو م پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ ایکسئین واپڈا محمداکرام، لائن سپرنٹنڈنٹ سہیل ستار، لائن سپرنٹنڈنٹ رشید احمد، لائن سپرنٹنڈنٹ الطاف حسین اور لائن مین رانا عالم ایک گروہ کی شکل میں سائیلان سے بد تمیزی بداخلاقی اور لوٹ مار کرنے میں مصروف ہیں اور میپکو ڈویژ ن چشتیاں میں رشوت ستانی کا بازار گرم کر رکھا ہے ۔

آئے روز دفاتر میں صارفین پر تشدد کیا جاتا ہے گیٹ بند کر کے صارفین کو ہراساں و پریشان کرنے کے علاوہ بدمعاشی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے صارفین کے جائز کام بھی رشوت لیے بغیرنہیں کیے جاتے انہوں نے کہا کہ واپڈا افسران صارفین کو بلیک میل ،تنگ و پریشان کر کے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کر رہے ہیں صارفین سے پیسے بٹور کر گاڑیاں اور کوٹھیاں خریدی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر مملکت پانی و بجلی چشتیاں میں کھلی کچہری کا انعقاد کر کے صارفین سے لوٹی ہوئی دولت واپس دلوائیں اور کرپٹ ٹولے کا تبادلہ کر کے فرض شناس اورایماندار آفیسر تعینات کیے جائیں بصورت دیگر شہری تنظیموں کے ساتھ مل کر ہڑتال کر کے واپڈا کے کرپٹ افسران کے خلاف بھر پور احتجاج کیا جائے گا جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت وقت پر عائد ہو گی اس موقع پر مسلم لیگی کونسلر سیف الرحمان ، رانا شبیر ببلو ، ملک محمد ناصر، ملک محمدامین ، شاہد نعیم، اللہ یار، تاج محمدجٹ ، ملک محمد عنائیت ، رانا محمد جاوید، عبدالرشید رحمانی ، چوہدری غلام مصطفی ، حاجی حسین علی ، عرفان چوہان، عبدالستار چوہان ، ملک ظفر اقبال اور سابقہ یوسی ناظم غلام رسول رحمانی معززین شہرحاجی سراج المنیر بدر ، چوہدری خلیل احمد اورمسلم لیگی کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے ۔