ہائر ایجوکیشن کمیشن نے طلباء کو غیر منظور شدہ اداروں میں داخلہ نہ لینے کی ہدایت کر دی

بدھ 9 مارچ 2016 13:24

فیصل آباد۔9 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 مارچ۔2016ء )ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ملک بھر میں اپنی منظور شدہ سرکاری ، نیم سرکاری ، پبلک و پرائیویٹ سیکٹر کی یونیورسٹیز کی فہرست جاری کر دی ہے اور ملک بھر کے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے خواہشمند طلباء و طالبات کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہائر ایجوکیشن کے سلسلہ میں کسی بھی تعلیمی ادارے میں داخلہ لینے سے قبل اس کے منظور شدہ ہونے یا نہ ہونے کے بارے میں تصدیق کر لیں تاکہ ان کے قیمتی تعلیمی وقت کے ضیاع سمیت انہیں مالی نقصان کا سامنا بھی نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

ہائر ایجوکیشن کمیشن ریجنل آفس کے ذرائع نے بتا یا کہ اس ضمن میں تمام تفصیلات ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ویب سائٹ پر موجود ہیں جن سے کسی بھی وقت استفادہ کیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ غیر منظور شدہ ادارے خود کو منظور شدہ قرار دینے کے غیر قانونی اقدام سے گریز کریں ورنہ ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔