وزیراعظم محمد نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف 3روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے،وزیراعظم نواز شریف آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے ہمراہ فوجی مشق نارتھ تھنڈر بھی دیکھیں گے،علاقائی سالمیت اورخودمختاری کودرپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے ہمیشہ سعودی عرب کا بھرپور ساتھ دینگے ۔حکومتی عزم

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 9 مارچ 2016 13:10

وزیراعظم محمد نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف 3روزہ سرکاری دورے ..

ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 مارچ 2016ء) : وزیراعظم محمد نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف 3روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ،وزیراعظم، بری فوج کے سربراہ کے ہمراہ اپنے دورے میں جاری فوجی مشق نارتھ تھنڈر بھی دیکھیں گے ، اختتامی تقریب میں شرکت کریں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نوازشریف سعودی قیادت کے ساتھ اہم بات چیت کیلئے وزیراعظم 3روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔

وہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کی دعوت پر سعودی عرب پہنچے ہیں جہاں وہ فوجی مشق نارتھ تھنڈر دیکھیں گے۔جاری فوجی مشق کو دیکھنے اوراختتامی تقریب میں شرکت کیلئے متعدد ملکوں کے سربراہان مملکت اور حکومت کو مدعو کیا گیا ہے۔پاکستان سمیت اکیس ملکوں کے فوجی سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں اس مشق میں حصہ لے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس مشق کا بنیادی مقصد دہشتگرد گروپوں کی جانب سے درپیش خطرے کے جواب میں تربیت کے عمل کو بہتر بنانا ہے۔

پاکستان اور سعودی عرب دفاع اور انسداد دہشتگردی کے شعبوں سمیت کثیرجہتی تعاون کررہے ہیں۔پاکستان کے عوام سعودی عرب کو انتہائی احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔حکومت پاکستان نے اس عزم کااعادہ کیاکہ وہ سعودی عرب کی علاقائی سالمیت اورخودمختاری کودرپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے ہمیشہ سعودی عرب کا بھرپور ساتھ دیگی۔