محکمہ پولیس کے ایس پی سے لے کر کانسٹیبل تک ملازمین لیاری گینگ وار کا حصہ رہے ہیں، گرفتار ملزم اور سابق پولیس اہلکار چاند خان نیازی کے دوران تفتیش اہم انکشافات

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 9 مارچ 2016 12:56

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 مارچ 2016ء): کراچی میں محکمہ پولیس کے ایس پی سے لے کر کانسٹیبل تک کے ملازمین کا لیاری گینگ وار کے ساتھ وابستہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ یہ انکشافات زیر حراست سابق پولیس انسپکٹر چاندخان نیازی نے دوران تفتیش کئے ۔ کراچی میں لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کے قریبی ساتھی انسپکٹر چاند خان نیازی نے گینگ وار سے منسلک پولیس اہلکاروں سے متعلق اہم انکشافات کرتے ہوئے ان کے نام بھی بتا دئے ہیں،ذرائع کے مطابق گینگ وار سے منسلک پولیس اہلکاروں میں ایس پی رینک سے کانسٹیبل تک کے اہلکار شامل ہیں، جبکہ ان میں کچھ ریٹائرڈ افسران بھی ہیں۔

تفتیشی ذرائع نے بتایا کہ ملزم نےتفتیش کے دوران انکشاف کیا کہ سابق ایس پی لیاری مرحوم رئیس غنی ،انسپکٹرعابد تنولی ، ریٹائرڈ جاوید بھٹی، ایس پی جاوید بلوچ، ریٹائرڈ ایس پی پرویز اقبال، ایس پی نجم ترین شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ملزم نے ایس پی ریٹائرڈ شاہ نواز، ڈی ایس پی مرتضیٰ میرانی، اے ایس آئی نور محمدکے بھی لیاری گینگ وار میں شامل ہونے کا انکشاف کیا۔

چاند خان نیازی کے مطابق انسپکٹر امتیاز نیازی اور انسپکٹر عابد تنولی عزیر بلوچ کی جانب سے دئے گئے احکامات پر عمل کرتے تھے،جبکہ پولیس کانسٹیبل فاروق نیازی عزیر بلوچ کے لیے بیٹر کے طور پر کام کرتا تھا۔ چاند خان نیازی کی جانب سے ان انکشافات کے بعد 14 پولیس اہلکاروں کو ممکنہ طور پر تفتیش کے لیے طلب کیا جاسکتا ہے۔ انسپکٹرچاندخان نیازی پرارشد پپو، یاسر عرفات اور یاسرپٹھان کے قتل میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔