پاکستان اور بھارت نے پانچ سال میں ایک دوسرے کے 500 ماہی گیر رہا کئے،سرتاج عزیز

بدھ 9 مارچ 2016 12:53

اسلام آباد ۔9 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 مارچ۔2016ء) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین غلطی سے سرحد پار کرنے والے ماہی گیروں کی جلد رہائی کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے‘ اس وقت بھارتی جیلوں میں 460 پاکستانی قیدی موجود ہیں‘ ان میں 113 ماہی گیر ہیں۔ بدھ کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر چوہدری تنویر خان کے سوال کے جواب میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بتایا کہ اوفا میں بھارت کے ساتھ ماہی گیروں کی جلد رہائی کے حوالے سے بات چیت ہوئی تھی جو غلطی سے سرحد پار کر جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان اور بھارت نے گزشتہ پانچ سالوں میں ایک دوسرے کے 500 سے زائد ماہی گیر رہا کئے ہیں۔ ہم نے گزشتہ روز بھی بھارتی ماہی گیروں کو رہا کیا ہے۔ بھارت میں پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔ پاکستان اور بھارت نے ماہی گیروں کو دو ہفتے کے اندر قومیت کی تصدیق کے بعد رہا کرنے پر اتفاق کیا ہے لیکن ابھی اس حوالے سے معاہدہ نہیں ہوا۔ بھارت کی طرف سے جواب کا انتظار ہے۔ اس وقت بھارتی جیلوں مں460 پاکستانی قیدی موجود ہیں۔ ان میں 113 ماہی گیر ہیں۔ بھارت نے گزشتہ تین سالوں کے دوران 329 قیدیوں کو رہا کیا ہے۔