کراچی،شہرقائد میں خاتون جاں بحق، ایک شخص کی لاش برآمد،مختلف علاقوں سے 9ملزم گرفتار

بدھ 9 مارچ 2016 11:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 مارچ۔2016ء ) کراچی کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ۔ملزمان سے اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ منظورکالونی میں فائرنگ سے خاتون جاں بحق ہوگئی، کورنگی سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ۔ گزری کے علاقے پی این ٹی کالونی میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے2 ملزم گرفتار کیے۔

لیاری سلاٹر ہاوٴس کے قریب قانون نافذ کرنے والے ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے گینگ وار بابا لاڈلا گروپ کے 3 ملزمان جاوید، سلیمان اور نوید کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان قتل، اقدام قتل اور بھتا خوری میں ملوث تھے،ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اْدھر سائٹ کے علاقے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم میں ملوث 2 ملزمان گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ٹی ٹی پستول اور چھینی گئی 2 موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں۔

لیاری کے علاقے سنگولین میں حساس ادارے نے کارروائی کے دوران 2ملزمان کو گرفتارکیا ہے۔ملزمان کا گینگ وارکے عزیربلوچ گروپ سے تعلق ہے جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔منظور کالونی میں فائرنگ سے خاتون جاں بحق ہوگئی جبکہ کورنگی نمبر 3 سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی۔

متعلقہ عنوان :