اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا صدر اوباما کے ساتھ ملاقات سے انکار‘ طے شدہ دورہ امریکہ منسوخ کر دیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 9 مارچ 2016 08:19

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا صدر اوباما کے ساتھ ملاقات سے انکار‘ ..

واشنگٹن(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔09مارچ۔2016ء) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے امریکی صدر براک اوباما سے ملاقات سے انکار کرتے ہوئے اپنا طے شدہ دورہ امریکہ کو منسوخ کر دیا ہے۔وائٹ ہاو¿س نے کہا کہ اسرائیل نے 17 یا 18 مارچ کو ملاقات کی تجویز دی تھی اور اوباما انتظامیہ نے دونوں میں سے کسی ایک دن ملاقات پر اتفاق کیا تھا۔

وائٹ ہاﺅس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم دوطرفہ ملاقات کا انتظار کر رہے تھے تاہم ہمیں میڈیا میں آنے والی خبریں سن کر حیرانی ہوئی کہ وزیراعظم نیتن یاہو نے ہماری دعوت قبول کرنے کی بجائے اپنا دورہ منسوخ کر دیا ہے۔یہ ایسے وقت ہوا ہے جب امریکہ کے نائب صدر جو بائیڈن مشرق وسطیٰ کے دورے کے دوران منگل کی شام اسرائیل پہنچ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جو بائیڈن سابق اسرائیلی صدر شمون پیریز سے ملاقات کریں گے جس کے بعد نیتن یاہو سے ان کی ملاقات طے ہے۔

بائیڈن نے پیر کو متحدہ عرب امارات سے اپنے دورے کا آغاز کیا جہاں وہ الظفرہ فضائی اڈے بھی گئے جہاں امریکی فضائی اہلکار تعینات ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر داعش کو شکست دینے اور اسے تباہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔بائیڈن نے ابو ظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زائد النہیان سے داعش سے جنگ کے علاوہ یمن اور لیبیا کے تنازعات پر بھی بات چیت کی۔ انہوں نے شام اور عراق میں انسانی امداد پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا۔