ملکی حالات خراب ہونے کی وجہ سے آج پاکستانی دنیا میں اپنا تعارف کروانے سے شرماتے ہیں،گھر کے حالات خراب ہوں تو باہربھی عزت نہیں ہوتی، سیاستدان جمہوریت کا چرچا کرتے ہیں مگر جمہوریت کے ثمرات عوام کو نہیں پہنچاتے،معاشرے کی تعمیرمیں خواتین کا بنیادی کردار ہے،اپنے دور حکومت میں خواتین کے حقوق کے لئے تاریخی کام کئے

آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین پرویز مشرف کا اے پی ایم ایل شعبہ خواتین کے ورکرز کنونشن سے خطاب

منگل 8 مارچ 2016 22:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔08 مارچ۔2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین جنرل(ر)پرویز مشرف نے کہا ہے کہ ملکی حالات خراب ہونے کی وجہ سے آج پاکستانی دنیا میں اپنا تعارف کروانے سے شرماتے ہیں،گھر کے حالات خراب ہوں تو باہربھی عزت نہیں ہوتی، سیاستدان جمہوریت کا چرچا کرتے ہیں مگر جمہوریت کے ثمرات عوام کو نہیں پہنچاتے،معاشرے کی تعمیرمیں خواتین کا بنیادی کردار ہے،اپنے دور حکومت میں خواتین کے حقوق کے لئے تاریخی کام کئے۔

وہ منگل کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر آل پاکستان مسلم لیگ شعبہ خواتین کے ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے ۔ جوپارٹی کے مرکزی دفتر میں پارٹی کے شعبہء خواتین کے زیراہتمام منعقد کیاگیا۔ورکرز کنونشن میں ملک بھر سے پارٹی کی خواتین کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پارٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد،مہرین ملک آدم، فاطمہ سکندر ملہی، صام علی دادا، سنیٹرگلشن سعید، ڈاکٹر فرحت، سعیدہ خٹک، تقدیرہ اجمل، سیدہ فردوس،سبین ترین اورسیدہ یثرب جعفری کے علاوہ دیگر نے بھی خطاب کیا۔

پارٹی سربراہ جنرل(ر)پرویز مشرف نے کہا کہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پرپارٹی کی خواتین کے اتنے بڑے اجتماع سے ظاہر ہوتا ہے کہ آل پاکستان مسلم لیگ خواتین کو نمایاں مقام دیتی ہے۔ انہوں نے اپنے دور میں خواتین کے حقوق کے لئے تاریخی کام کروائے اور پوری کوشش کی کہ خواتین کو ان کی عزت اور مقام مل سکے۔اس مقصد کے لئے اسمبلیوں ، سینیٹ اور مقامی حکومتوں میں خصوصی نشستیں ،ان کے تحفظ کے لئے قوانین میں ترامیم اور انہیں معاشی اور سیاسی طور پر بااختیار بنانے جیسے اقدامات کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو ہر جگہ نمائندگی دی گئی تا کہ وہ بڑے سے بڑے پلیٹ فارم پر اپنے حقوق کے لئے آواز بلند کرسکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ 2008جبکہ انہوں نے اقتدار چھوڑا تھا،تب اور اب کے پاکستان میں بہت فرق آ چکا ہے۔اس وقت دنیا بھر میں پاکستان اور پاکستانیوں کی عزت تھی مگر آج بیرون ملک پاکستانی اپنا تعارف کروانے سے شرماتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ اس وجہ سے ہے کہ پاکستان کے اندرونی حالات خراب ہیں۔

جب اندر کے حالات خراب ہوں تو باہر بھی عزت نہیں ہوتی۔آج ملک میں مہنگائی،غربت،بے روزگاری ہے۔ بجلی،گیس،پٹرول جیسی چیزوں کی قلت ہے۔حکمران جمہوریت کا چرچا کرتے ہیں مگر جمہوریت کے ثمرات عوام کو نہیں پہنچاتے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت ایک نظام حکومت ہے اور اس نظام حکومت سے ملکی حالات تبدیل ہوں گے مگر اس کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے پارٹی کارکنان کو ہدایت کی کہ آپس کے اختلافات ختم کر کے پارٹی کو ایک نئی سیاسی قوت کے طور پر سامنے لائین۔انہوں نے کہا کہ آل پاکستان مسلم لیگ کی شروعات تسلی بخش ہیں اور آج کے کنونشن سے ظاہر ہوتا ہے کہ پارٹی بہت جلد ترقی کرے گی۔انہوں پارٹی سیکرٹری جنرل داکٹر محمد امجد، اور دیگر انتظامیہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر محمد امجد نے اپنے خطاب میں کہا کہ اے پی ایم ایل واحد جماعت ہے جس نے آج کے دن کی مناسبت سے اتنا بڑا پروگرام منعقدکیاہے۔

انہوں نے کہا کہ اے پی ایم ایل نے ہمیشہ خواتین کے حقوق کے لئے نہ صرف آواز اٹھائی ہے بلکہ عملی اقدامات بھی کئے ہیں۔ہمارے پارٹی سربراہ جنرل(ر)پرویز مشرف کے دور میں خواتین کے حقوق کے لئے تاریخی کام کئے گئے۔اس کے بعد بھی پرویز مشرف فاؤنڈیشن اور شلٹر کے زیرانتظام ملک بھر میں رفاعی سینٹر کام کررہے ہیں جہاں خواتین مختلف کورسز کر کے معاشی طور پر مستحکم ہورہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس کنونشن میں پاکستان کے چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر سے بڑی تعداد میں خواتین آئی ہیں جو بہت بڑی کامیابی ہے۔ اس موقع پر پرویز مشرف فاؤنڈیشن اور شلٹر کے زیرانتظام چلنے والے رفاعی سینٹرز کی طالبات، اساتذہ اور کوآرڈینیٹرز کو تعریفی اسناد اور شیلڈز سے بھی نوازا گیا۔