اسلام آباد میں 23کو آپریٹیو ہاؤسنگ سوسائٹیوں کا لینڈ آڈٹ کیا گیا ،ان کی منصوبہ بندی اور ترقی کے حوالے سے کام کی معلومات لی گئی ہیں

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کو متعلقہ حکام کی بریفنگ ،کمیٹی کا معاملے پر نیب کے ڈائریکٹر سے بریفنگ لینے سے انکار، اگلے اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل تفصیلات کیلئے طلب

منگل 8 مارچ 2016 21:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔08 مارچ۔2016ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کو آگاہ کیا گیا ہے کہ اسلام آباد میں 23کو آپریٹیو ہاؤسنگ سوسائٹیوں کا لینڈ آڈٹ کیا گیا ہے اور ان کی منصوبہ بندی اور ترقی کے حوالے سے کام کی معلومات لی گئی ہیں، کمیٹی کو سوسائٹیوں کی جانب سے منصوبہ بندی اور کمیونٹی سروس کیلئے زمین مختص کرنے کے حوالے سے خلاف ورزی ایکشن کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، کمیٹی نے معاملے پر نیب کے ڈائریکٹر سے بریفنگ لینے سے انکار کر دیا اور اگلے اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل کو تفصیلات کیلئے طلب کرلیا، کمیٹی نے سینیٹر بابر اعوان کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 182 کو ختم کرنے کے حوالے سے آئینی ترمیمی بل کو اگلے اجلاس تک موخر کر دیا۔

منگل کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف اور انسانی حقوق کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر جاوید عباسی کی صدارت میں ہوا، کمیٹی کو کو آپریٹنگ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی جانب سے منصوبہ بندی اور کمیونٹی سروس کیلئے زمین مختص کرنے کے حوالے سے خلاف ورزیوں پر لئے گئے ایکشن کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

کمیٹی کو آگاہ کیا گیا ہے کہ ان سوسائٹیوں کا لینڈ آڈٹ کیا گیا اور ان کی منصوبہ بندی اور ترقی کے حوالے سے کام کی معلومات حاصل کی گئی ہیں۔

کمیٹی کو اسلام آباد میں زون 2،زون 5 اور ای 11 میں 23 کو آپریٹیو ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ کمیٹی نے ڈائریکٹر نیب سے بریفنگ لینے سے انکار کیا اور معاملہ کو اگلے اجلاس تک موخر کر دیا اور ڈائریکٹر جنرل سے بریفنگ طلب کرلی۔کمیٹی نے ظہیر الدین بابر کی جانب سے سینیٹ میں پیش کئے گئے آئینی ترمیمی بل کے آرٹیکل 182 کو آئین سے ختم کرنے کے حوالے سے بل پر بحث کی، بل میں بیان کیا گیا ہے کہ سپریم میں ایڈہاک ججز کی تقرری سے ہائیکورٹ کے ججز کی ترقی کا حق ایڈہاک ججز لے جاتے ہیں۔

وزارت قانون نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ آرٹیکل 182 کے تحت ایڈہاک ججز عارضی طور پر تعینات کئے جاتے ہیں اور ان کی مستقل نشست پر تعیناتی نہیں کی جا سکتی، معاملہ کو اگلے اجلاس تک موخر کر دیا گیا اور اگلے اجلاس میں متعلقہ سینیٹر کی رائے سنی جائے گی اور بل پر مزید غور کیا جائے گا۔(اح+وخ)

متعلقہ عنوان :