صدر مملکت نے انڈونیشیا کا دو روزہ دورہ مکمل کرلیا

ممنون حسین نے انڈونیشیا کے ممتاز روزناموں ، جرائد اور ٹی وی چینلز کو انٹرویوز بھی دیئے

منگل 8 مارچ 2016 19:59

جکارتہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 مارچ۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے منگل کو انڈونیشیا کا دو روزہ دورہ مکمل کرلیا جہاں انہوں نے فلسطین اور القدس شریف کے بارے میں اسلامی تعاون تنظیم کے پانچویں غیر معمولی اجلاس میں شرکت کی۔انڈونیشیا کے وزیر کاشتکاری وخصوصی منصوبہ بندی فیری مرسیدان بلدان نے حلیم ایئر بیس پر صدر مملکت کو رخصت کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد اور انڈونیشیا میں پاکستانی سفیر محمد عاقل ندیم بھی اس موقع پر موجود تھے۔قبل ازیں انڈونیشیا کے وزیر کے ساتھ ملاقات میں صدر مملکت نے فلسطین اور القدس شریف کے بارے میں اسلامی تعاون تنظیم کے پانچویں غیر معمولی اجلاس کے انعقاد پر انڈونیشیا کی حکومت کو مبارکباد دی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کانفرنس فلسطین کے مسئلے کے حل کے حوالہ سے مثبت طور پر معاون ہوگی۔

انڈونیشیا کے وزیر نے اوآئی سی کانفرنس میں شرکت اور فلسطین کے مسئلے پر پاکستان کا موقف پیش کرنے پر صدر مملکت کا شکریہ اداکیا۔ صدر ممنون حسین نے اپنے دورہ کے دوران او آئی سی فورم سے خطاب کیا اور مسئلہ فلسطین کے لئے پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔صدر مملکت نے انڈونیشیا کے ہم منصب جوکو ودودو اور فسلطینی صدر محمود عباس سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کیں۔ اس کانفرنس میں 49 مسلم ممالک کے سربراہان مملکت و نمائندگان نے شرکت کی ۔ صدر ممنون حسین نے انڈونیشیا کے ممتاز روزناموں ، جرائد اور ٹی وی چینلز کو انٹرویوز بھی دیئے۔

متعلقہ عنوان :