حقوق خواتین کیلئے جامع، سنجیدہ اور مثبت کام ہونا چاہئے،خواتین کی اسلام میں جو عزت ہے وہ کسی اور مذہب میں نہیں، اپنے بچوں کی اخلاقی تربیت و اصلاح کا احساس کرنا چاہئے

مسلم لیگ (ق)کے صدر چودھری شجاعت حسین کا خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

منگل 8 مارچ 2016 18:51

لاہور/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔08 مارچ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ق)کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ اسلام خواتین کے حقوق کے تحفظ کا مذہب ہے اور اس میں خواتین کو جو عزت بخشی گئی ہے وہ کسی اور مذہب میں نہیں ہے، ہماری پارٹی پاکستان مسلم لیگ خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے سرگرم عمل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ خواتین جو آج حقوق کا تقاضا کر رہی ہیں ان کو چاہئے کہ اپنے بچوں کی اخلاقی تربیت اور اصلاح کی ذمہ داری کا بھی احساس کریں، اپر کلاس کے بچوں میں سکول کے بعد ڈرگز کے استعمال میں مبتلا ہونے اور انٹرنیٹ پر فحش مواد دیکھنے کی خبریں نہایت افسوسناک ہیں، خواتین پر بچوں کی تربیت کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے اگر مائیں اپنے بچوں کو اچھی تعلیم و تربیت دیں گی تو پاکستان کا مستقبل بہتر اور روشن ہو گا۔

چودھری شجاعت حسین نے پنجاب میں خواتین کے حقوق کے تحفظ کے نام پر مردوں کو سزا کے طور پر کڑا پہنانے کو غیرسنجیدہ عمل اور سستی شہرت کا حصول قرار دیا اور کہا کہ عورتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کوئی جامع، سنجیدہ اور مثبت کام ہونا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :