کراچی : ایم کیو ایم کی پریس کانفرنس، 10 مارچ سے کراچی میں‌صفائی مہم کے آغاز کا اعلان کر دیا

صفائی مہم ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین ک ہدایت پر شروع کی جا رہی ہے ۔ ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 8 مارچ 2016 16:04

کراچی : ایم کیو ایم کی پریس کانفرنس، 10 مارچ سے کراچی میں‌صفائی مہم کے ..

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 مارچ 2016ء) : متحدی قومی موومنٹ کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کراچی میں 10 مارچ سے صفائی مہم کے آغاز کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار کا کہنا ہے صفائی مہم ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی ہدایت پر شروع کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میرا بلکہ ہم سب کا شہر ہے، اس صفائی مہم کا مقصد کراچی کے لوگوں کو ان کی ملکیت اور کراچی کو لے کر اپنائیت کا احساس دلانا ہے۔

فاروق ستار نے بتایا کہ کراچی میں صفائی مہم روزانہ 8 سے 9 گھنٹے تک جاری رہے گی جس کے تحت صفائی مہم روزانہ کی بنیاد پر صبح 9 یا 10 بجے سے شروع ہو کر شام 5 بجے تک جاری رہا کرے گی۔ فاروق ستار نے بتایا کہ اس صفائی مہم میں ہر طرح کے وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

فاروق ستار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صفائی مہم کراچی کے 6 اضلاع میں شروع کی گئی ہے جس کے تحت روزانہ 12 سے 15 یوسیز کی صفائی ہو گی۔

یہ مہم کراچی کو ہر قسم کے کچرے اور خرافات سے پاک بنانے میں ہماری مدد کرے گی ۔ صفائی مہم میں عوام کو شامل کرنے کے لیے متعدد میٹنگز ہو رہی ہیں انہوں نے کہا کہ ہم ایک تیر سے کئی شکار کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کراچی میں عوام رابطہ مہم کے آغاز کا بھی اعلان کیا۔ جس کے لیے بزنس کمیونٹی اور دیگر اداروں سے رابطے کیے جا رہے ہیں۔