پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے وفاقی دارالحکومت میں اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں کمی ہوئی،سروے

منگل 8 مارچ 2016 14:07

اسلام آباد ۔ 8 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 مارچ۔2016ء) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے باعث وفاقی دارالحکومت میں اشیاء خورد و نوش، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں کمی آئی ہے تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کی بعض مارکیٹوں میں قیمتیں یکساں نہیں، دکاندار صارفین سے اپنی من مانی کی قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے ناقص اور غیر معیاری اشیائے خورد و نوش کے خلاف مہم میں گزشتہ ماہ کے دوران ساڑھے 8 لاکھ روپے کے جرمانے کئے ہیں اور400 سے زائد دکانوں کی چیکنگ کی۔ منگل کو ”اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 مارچ۔2016ء“ کی طرف سے ہفتہ وار بازاروں اور عام مارکیٹ میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں کے حوالے سے کئے گئے سروے کے مطابق اتوار بازار میں موجود ایک خریدار مدثر الحق نے بتایا کہ حالیہ پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے باعث اشیائے خورد و نوش، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔

(جاری ہے)

سی ڈی اے آبپارہ مارکیٹ میں موجود خریداروں مطیع الله جان، رشید گلباز، مومن خان، مشتاق غنی، فرید الحسن اور دیگر نے بتایا کہ پہلی مرتبہ ایک جمہوری حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات میں نمایاں کمی کے ثمرات نچلی سطح پر نظر آ رہے ہیں، گذشتہ ہفتے اشیائے خود و نوش کی جو قیمتیں تھیں، آج ان میں بہت حد تک کمی آئی ہے۔ تاہم انہوں نے مطالبہ کیا کہ قیمتوں میں استحکام کے لئے چیک اینڈ بیلنس کا موثر نظام وضع کیا جائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔

سی ڈی اے کی جانب سے ہفتہ وار بازاروں کے لئے جاری کئے گئے نرخ نامے کے مطابق ٹماٹر، ادرک، ٹینڈے، بھنڈی، کریلا، مٹر، شملہ مرچ کی قیمتوں میں گزشتہ اتوار کے مقابلہ میں 2 سے 20 روپے تک کمی آئی۔ اتوار کو ہفتہ وار بازار میں شملہ مرچ کی قیمت 60 روپے کلو رہی جس میں 20 روپے فی کلو تک کمی آئی۔ ادرک کی قیمت 100 روپے سے کم ہو کر 96 روپے کلو، ٹینڈا 50 روپے کلو سے دس روپے کمی کے ساتھ 40 روپے کلو پر آگیا۔

ٹماٹر کی قیمت میں دو روپے کلو کے حساب سے کمی آئی اور اتوار کو نرخ 30 روپے کلو رہے۔ بھنڈی کی قیمت میں بھی 10 روپے کلو کی کمی آئی اور قیمت 110 روپے کلو سے کم ہو کر 100 روپے کلو پر آگئی ہے۔ کریلے کی قیمت 140 روپے کلو سے کم ہو کر 130 روپے کلو پر آگئی جبکہ گوبھی ، گاجر بالترتیب 30 روپے اور 20 روپے کلو کی گزشتہ اتوار بازار کی قیمت پر برقرار رہی۔ آلو (پھیکا) 90 روپے فی 5 کلو کی قیمت پر اور پیاز 200 روپے فی 5 کلو کی قیمت پر برقرار رہے۔

پالک، ساگ، میتھی، باتھو کی قیمتیں 14 روپے گٹھی کے حساب سے گزشتہ اتوار کے نرخوں پر برقرار رہے اور شلجم ، مولی اور کھیرے اور لیموں کی قیمتیں بھی گزشتہ اتوار کی سطح پر برقرار رہیں۔ تاہم عام مارکیٹ میں اتوار کو آلو 22 روپے کلو، پیاز 44 روپے کلو، ٹماٹر 33 روپے کلو، بھنڈی 118 روپے کلو، مٹر 58 روپے کلو، گوبھی 33 روپے کلو،کریلا 173 روپے کلو کے حساب سے اشیائے موسمی سبزیاں فروخت ہوئیں۔

دوسری جانب سے وفاقی دالحکومت کے بعض مقامات پر چھوٹی بڑی مارکیٹوں میں سبزیوں ‘پھلوں اور دیگر اشیاء خوردونوش کے من مانے نرخ وصول کرنے کی شکایات سامنے آئیں ہیں ۔اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالستار ایسانی سے استفسار کیا تو انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ناجائز منافع خوروں، ناقص اور غیر معیاری اشیائے خورد و نوش کے خلاف بھرپور مہم شروع کی ہوئی ہے۔

گذشتہ ایک ماہ کے دوران ساڑھے 8 لاکھ روپے کے جرمانے کئے ہیں اور 400 سے زائد دکانوں کے چالان کئے گئے ہیں، یہ آپریشن بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا جو بھی خلاف ورزی کرے گا قانون فوراً حرکت میں آجائے گا۔ اے ڈی سی جی نے کہا کہ شکایات کے لئے ضلعی انتظامیہ نے ہیلپ لائن 181 قائم کی ہوئی ہے، اس ہیلپ لائن پر موصول ہونے والی ہر شکایت پر فوری ایکشن لیا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :