عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ اپنے اہل قلم کی خدمات کا اعراف کیا ہے،امیرحیدر ہوتی

منگل 8 مارچ 2016 14:02

پشاور۔08 مارچ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 مارچ۔2016ء )عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اور سابق وزیراعلیٰ امیرحیدر خان ہوتی نے پشتو کے معروف قوم پرست اورانقلابی شاعر سیف الرحمان سلیم کی نویں برسی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پشتو زبان و ادب اورپختون قوم کے لیے سیف الرحمان سلیم کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا،ان کی شاعری ہمارے لیے مشغل راہ ہے،مرحوم کی شاعری تمام مظلوم اور محکوم طبقات کے حقوق کی ترجمان ہے،اے این پی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں امیرحیدرخان ہوتی نے کہا کہ سیف الرحمان سلیم اور دیگر خدائی خدمتگاروں کے ارمانوں کو پورا کرنے کا سب سے بہتر طریقہ ان کے بتائے ہوئے راستے پر گامزن رہنا ہے،انہوں نے کہا کہ مرحوم نے ہرحالت میں قوم پرستی کا دیا جلائے رکھا اور اپنی شاعری کے ذریعے پختونوں میں قوم پرستی کا شعور اجاگر کیا،انہوں نے کہا کہ پشتو زبان اور اپنی قوم کے لیے ان کی قلمی جہاد رہتی دنیا تک یاد رہے گی،سیف الرحمان سلیم پاکستان اور افغانستان کے علاوہ پوری دنیا میں بسنے والے پختونوں کے دل و دماغ آج بھی زندہ ہیں، ان کی شاعری ہمیں اپنی مٹی،قوم اور انسانیت سے پیار کا سبق دیتی ہےِ،ان کی شاعری کا مجموعہ”د وڑو وڑو خدایانو دے بندہ کڑم“قوم پرستی، وطن پرستی اور روشن خیالی کے سہہ جہتی راستوں پر استوار ہے،ان کی شاعری اپنے اندر قدیم اور جدید اقدار اور روایات کے تمام مثبت رجحانات سمیٹی ہوئی ہے،عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ اپنے اہل قلم کی خدمات کا اعراف کیا ہے اور آئندہ بھی اپنے محسنوں کویاد رکھے گی۔