سرکاری محکموں اور لیویز اہلکاروں کی کارکردگی بہتر بنائی جارہی ہے ‘ڈپٹی کمشنر ملا کنڈ

منگل 8 مارچ 2016 13:50

مالاکنڈ۔08 مارچ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 مارچ۔2016ء )ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ خائستہ رحمان نے کہا ہے کہ صحافی معاشرے کے آنکھ و کان کی حیثیت رکھتے ہیں اور ملاکنڈ کے صحافیوں کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کرینگے ‘ ملاکنڈ کے سرکاری محکموں اور لیویز اہلکاروں کی کارکردگی مزید بہتر بنائی جارہی ہے جس کے لئے میڈیا کو مثبت کردار ادا کرنا ہو گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں تحصیل درگئی کے صحافیوں کے ساتھ ملاقات اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ‘ اس موقع پر صوبیدار میجر ملاکنڈ لیویز گل روز خان بھی موجودتھے۔ملاقات کے دوران سینئر صحافیوں صابر حجازی ، سید زمان اور ولایت خان باچہ نے ڈی سی ملاکنڈ کو صحافیوں کے مسائل سے تفصیلی آگاہ کیا جس کے حل کی انہوں نے یقین دہانی کرائی ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ملاکنڈ سے جرائم ، رشوت ،منشیات اور دیگر غیرقانونی دھندوں کے صفایا کیلئے محب وطن شہری اورصحافی نشاندہی کریں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرکے حب الوطنی کا ثبوت دیں ۔انہوں نے کہا کہ کام سے غفلت برتنے والے اہلکاروں سے رعایت نہیں کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ لیویز اہلکاروں کو ذاتی پروٹوکول کے طور پر استعمال کرنا چاہتے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ چند لوگوں کی بجائے پورے ضلع کے عوام کی حفاظت کو اولین ترجیح اور ذمہ داری سمجھتی ہے اس لئے غیر ضروری سیکیورٹی پر لگے ہوئے لیویز اہلکاروں کو واپس بُلا یا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صحافی برادری کے فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کرینگے تاکہ ان کے مسائل حل ہوں اور صحافی با احسن طریقے سے علاقے ، ملک و قوم کی خدمت کرسکیں ۔