ترقی کے لئے کتاب کو اپنانا ہو گا،عبدالرشید

منگل 8 مارچ 2016 13:50

مالاکنڈ۔08 مارچ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 مارچ۔2016ء )تحصیل ناظم درگئی عبد الرشید بھٹو نے کہا ہے کہ اگر ترقی کرنا ہے تو کتاب کو اپنانا ہو گا، بندوق سے نفرت کرنا ہو گی اور قلم کو مضبوطی سے تھامنا ہو گا۔نصابی سرگرمیوں کے ساتھ بچوں کو غیر نصابی سرگرمیاں بھی سکھانی چاہئے۔ان خیالات کااظہا ر انہوں نے قائد اعظم ماڈل ہائی سکول اشکئی میں یوم والدین تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے سکول پرنسپل لعل زادہ، محمد خان، نصیر احمد اور نیک زادہ نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر سکول اساتذہ محمد اسماعیل، محمد اسحاق، دولت خان ، فضل خالق، حیات گل اور علاقے کے منتخب کونسلرز، ممبرز، سماجی وعوامی شخصیات اور طلباء کے والدین کثیر تعداد میں موجود تھے۔تقریب میں سکول کے تمام کلاسوں میں فسٹ سیکنڈ اور تھرڈ پوزیشن ہولڈرز سمیت تقریری، نظم، نعت، طنز و مزاح، خاکے اور ملی نغمے پیش کرنے والے بچوں کو انعامات، میڈلز اور ٹرافیوں سے نوازے گئے۔

(جاری ہے)

تحصیل ناظم نے قائد اعظم ماڈل ہائی سکول کو علاقے کی نمائندہ سکول قرار دیتے ہوئے اس خواہش کااظہار کیا کہ ہم صرف اور صرف تعلیم ہی کی بدولت دیگر قوموں کی شانہ بشانہ چل سکتے ہیں۔ اپنے زندگی کے فیصلے خود کرسکتے ہیں۔پیپلزپارٹی کا منشور یہ ہے کہ کوئی بھی ناخواندہ نہ رہے۔انہوں نے سکول کیلئے ایک ہینڈ پمپ اور راستے کی پختگی کا بھی اعلان کیا۔ آخر میں مہمانوں کے ہاتھوں بچوں میں انعامات اور ایوارڈز تقسیم کئے گئے۔