Live Updates

عمران خان شریف فیملی کے خلاف بینک ڈیفالٹ کے ثبوت سامنے لے آئیں تو ہم ہر سزا کے لئے تیار ہیں ، پرویز مشرف بھی شریف فیملی کے خلاف کرپشن کے کوئی ثبوت سامنے نہیں لا سکے ، شریف فیملی نے کسی بینک کے ساتھ کوئی ڈیفالٹ نہیں کیا ، وزیراعظم نے احتساب کے عمل میں رکاوٹ نہیں ڈالی جس نے بھی کرپشن کی ہو اس کا احتساب ہونا چاہیئے ، ریاست کو پرویز مشرف کا بھی احتساب کرنا چاہیئے ، سیاسی انتقام کے باعث ملک میں ہمارے کاروبار بند پڑے ہیں ، رائیونڈ فارم ہاؤس ہمارا ڈکلیئر اثاثہ ہے، ہم نے پرویز مشرف کو معاف کردیا ،ملک کو نقصان پہنچانے والوں کو معاف کرنے کا اختیار ہمارے پاس نہیں ،وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نوازکا نجی ٹی وی کوانٹرویو

منگل 8 مارچ 2016 00:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 7مارچ۔2016ء) وزیراعظم نوازشریف کے صاحبزادے حسین نواز نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ شریف فیملی کے خلاف بینک ڈیفالٹ کے ثبوت سامنے لے آئیں تو ہم ہر سزا کے لئے تیار ہیں ، پرویز مشرف بھی شریف فیملی کے خلاف کرپشن کے کوئی ثبوت سامنے نہیں لا سکے ، شریف فیملی نے کسی بینک کے ساتھ کوئی ڈیفالٹ نہیں کیا ، وزیراعظم نواز شریف نے احتساب کے عمل میں رکاوٹ نہیں ڈالی جس نے بھی کرپشن کی ہو اس کا احتساب ہونا چاہیئے ، ریاست کو پرویز مشرف کا بھی احتساب کرنا چاہیئے ، سیاسی انتقام کے باعث ملک میں ہمارے کاروبار بند پڑے ہیں ، رائیونڈ فارم ہاؤس ہمارا ڈکلیئر اثاثہ ہے ۔

پیر کونجی ٹی وی کو دےئے گئے انٹرویو میں حسین نواز نے کہا کہ میں عمران خان کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ 6ارب بینک ڈیفالٹ کے ثبوت سامنے لے آئیں یا اس بینک کا نام بتائیں جسے ہم نے ڈیفالٹ کیا ہو ۔

(جاری ہے)

عمران خان ثبوت سامنے لے آئیں تو ہم ہر سزا کے لئے تیار ہیں ۔ شریف فیملی نے کبھی بھی کسی بینک سے کوئی ڈیفالٹ نہیں کیا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حسن نواز لندن میں کاروبار کر رہے ہیں اور وہ وہاں پرانی جائیدادیں ری فرنش کر کے منافع میں فروخت کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی شریف فیملی کے خلاف تمام الزامات بے بنیاد ہیں ۔ ہم تحریک انصاف کے سربراہ کے خلاف کس کس بات پر عدالت جائیں ۔ حسین نواز نے کہا کہ ہم نے کبھی بھی اپنے ذرائع آمدن نہیں چھپائے ۔لندن میں پارک لین اپارٹسمنٹس ہماری ملکیت ہیں ۔آج کل کے دور میں کوئی بھی چیز چھپائی نہیں جا سکتی۔ آج کل کے جدید دور میں چیزیں ایک منٹ میں سامنے آ جاتی ہیں ، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ملک یا بیرون ملک میں کوئی کام یا سرمایہ کاری کرے تو عمران خان اس پر بھی تنقید کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میرے اور حسن نواز سمیت ہماری حکومت پر کوئی کرپشن کا الزام سامنے نہیں آیا ۔ سابق صدر پرویز مشرف نے بغیر کسی الزام کے 14ماہ مجھے جیل میں رکھا مگر بعد میں خود تسلیم کیا کہ شریف فیملی کے خلاف کوئی کرپشن کا ثبوت نہیں ملا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم کے صاحبزادے نے کہا کہ سیاسی انتقام کے باعث اتفاق فاؤنڈری اور حدیبیہ پیپر سمیت ہمارے کئی کاروبار بند پڑے ہیں جنہیں دیکھ کر ہمارا دل خون کے آنسو روتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کو پرویز مشرف کا ٹرائل کرنا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ رائیونڈ فارم ہاؤس ہم نے دو سے تین لاکھ ایکٹر میں خریداتھا اور بعد میں اس پر تعمیرات کیں ۔ رائیونڈ فارم ہاؤس ہماری ڈکلیئر اثاثہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک شوگر مل کی شریف فیملی مشترکہ مالک ہے جبکہ ایک شوگر مل شہباز شریف کی ملکیت ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے پرویز مشرف کو معاف کردیا ہے تاہم ملک کو نقصان پہنچانے والوں کو معاف کرنے کا اختیار ہمارے پاس نہیں ۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شریف فیملی کی جلاوطنی کے دوران مسلم لیگ ن کی سربراہی کے لئے مجید نظامی مرحوم ایک شخصیت کا نام لے کر آئے تھے تا ہم اس نا م کے بارے میں مجھے کوئی کچھ معلوم نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جدہ میں ہمیں شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،ہمیں قرض فراہم کرنے والے غیر معروف لوگ تھے،کسی مشہور بھارتی بزنس مین نے قرضہ نہیں دیا، حسین نوازنے کہا کہ جب شریف خاندان جاتی امرا آیا تو ہمارے پاس کچھ نہیں تھا،وزیراعظم نے احتساب کے عمل میں رکاوٹ نہیں ڈالی،انہوں نے کہا کہ کرپشن جہاں بھی ہو احتساب ہونا چاہیئے،ریاست کو پرویز مشرف کا بھی احتساب کرنا چاہیئے،لندن میں فلیٹ اور آف شور کمپنیاں ہیں،جب ہمیں جدہ بھیجا گیا تو ہمارے پاس سرمایہ نہیں تھا،جدہ میں ہمیں شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،میاں شریف جاتی امرا آئے تو خالی ہاتھ تھے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات