ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہر شعبہ زندگی میں خواتین کی شمولیت ضروری ہے، حمیدہ وحیدالدین

پیر 7 مارچ 2016 22:39

لاہور۔7مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 مارچ۔2016ء )وزیر برائے ترقی خواتین پنجاب حمیدہ وحیدالدین نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہر شعبہ زندگی میں خواتین کی شمولیت نہایت ضروری ہے -و ہ پیر کے روز یہاں مقامی ہوٹل میں خواتین کے صوبائی کمیشن اور دی اربن یونٹ کے زیر اہتمام پنجاب جنیڈر پیرٹی رپورٹ اور پنجاب جنیڈر مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کی تقریب رونمائی سے خطاب کر رہی تھیں - تقریب سے وزیر برائے بہبود آبادی ذکیہ شاہنواز ، کمیشن کی چےئرپرسن فوزیہ وقار ، اربن یونٹ کے ڈاکٹر ناصر جاوید اور نذیر مہر نے بھی خطاب کیا اور رپورٹ و سسٹم کی ضرورت ، اہمیت اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی روشنی ڈالی -حمیدہ وحیدالدین نے کہا کہ صوبائی کمیشن کی تیار کردہ رپورٹ سے خواتین کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کرنے میں رہنمائی حاصل ہو گی - انہوں نے کہا کہ خواتین کے تحفظ کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے لئے مانیٹرنگ اورعملدر آمدسسٹم تشکیل دے دیا گیا ہے -انہوں نے وائلنس ایکٹ کو خواتین کی ترقی کے لئے ایک اہم سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ معاشرے میں تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کے لئے اسمبلی نے مشاورت رائے سے یہ بل پاس کیا - وزیر برائے بہبود آبادی ذکیہ شاہنواز اور فوزیہ وقار نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملکی ترقی کے لئے خواتین کا کردار نہایت اہم ہے - حکومت انہیں سیاسی ، معاشی اور معاشرتی طور پر با اعتماد دیکھنا چاہتی ہے-انہوں نے کہا کہ ہمیں مائنڈ سیٹ کی تبدیلی کے لئے کام کرنا ہو گا - خواتین آج ہر شعبے میں نمایاں خدمات سر انجام دے رہی ہیں ان کی حوصلہ نہایت ضروری ہے -