پیپلزپارٹی امتیازی سلوک کے خلاف خواتین کی جدوجہدکی مکمل حمایت کرتی رہے گی

پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری کاخواتین کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

پیر 7 مارچ 2016 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 مارچ۔2016ء) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ آصف علی زرداری نے خواتین کو اپنے خلاف ہونے والے امتیازی سلوک کے خلاف جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی جدوجہد میں پاکستان پیپلزپارٹی ان کی مکمل حمایت کرتی رہے گی اور ان کے استحصال کی مخالفت کرتی رہے گی۔

انہوں نے خواتین کو صنفی برابری کے لئے ان کی جدوجہد میں زبردست کامیابی پر بھی مبارکباد دی۔ پیر کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں آصف زرداری نے کہاکہ خواتین کی جدوجہد پاکستان کو ایک محفوظ یکجہت اور برداشت رکھنے والا ملک بنانے کی جدوجہد بھی ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کبھی بھی خواتین کے مذہب کے نام پر استحصال اور ان کے ساتھ امتیازی سلوک کی اجازت نہیں دے گی۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلزپارٹی نے خواتین کو بااختیار بنانے کی بنیاد اس اصول پر رکھی ہے کہ خواتین کے حقوق دراصل بنیادی انسانی حقوق ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر حکومت سے دو مسائل پر توجہ دینے کا مطالبہ کیا۔ پہلا تو یہ کہ خواتین کے مقام کے بارے قومی کمیشن کو مستحکم کیا جائے تاکہ یہ ادارہ خواتین کے حقوق کے لئے موثر انداز میں اپنا کردار ادا کر سکے اور ان کے حقوق کو فروغ دے سکے۔ دوسرا یہ کہ سینیٹ سے منظور کردہ غیرت کے نام پر قتل کے خلاف اور خواتین پر تشدد کے خلاف بلوں کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کرکے انہیں منظور کرے تاکہ خواتین کو استحصال سے تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہی ایک قابل عمل اور عملی طریقہ ہے جس سے خواتین کو تحفظ فراہم کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :