کے الیکٹرک آپریشن برق ٹیم نے 65 چھاپوں کے دوران 6000غیرقانونی کنکشن منقطع کردئیے

چھاپے اورنگی، لیاری، کلفٹن، بہادرآباد، صدر، گارڈن،لیاقت آباد، گلشن اقبال، اتھل اور سائٹ کے علاقوں میں مارے گئے، ترجمان

پیر 7 مارچ 2016 22:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 مارچ۔2016ء) کے الیکٹرک کی جانب سے شہر میں بجلی چوروں اور عادی نادہندگان کے خلاف جاری آپریشن برق کے بارے میں پریس کو جاری کردہ تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کی ٹیم نے شہر میں 65 مقامات پر چھاپے مار کر تقریباً6000 غیر قانونی کنکشن منقطع کر دئیے اور تقریباً 850 کلو گرام تارقبضے میں لے لیا۔حالیہ چھاپوں کے دوران کے الیکٹرک کی ٹیم نے 1500کنکشن 10کروڑ روپے کے واجبات کے باعث منقطع کیے۔

جن علاقوں میں یہ کنکشن منقطع کیے گئے ان میں اورنگی، لیاری، اتھل، بلدیہ اور سائٹ شامل ہیں۔ مزید برآں،9 کروڑ روپے کے واجبات کے باعث 1380 کنکشن ڈیفنس، بہادرآباد، ٹیپو سلطان، گارڈن، صدر اور کلفٹن کے علاقوں میں منقطع کیے گئے۔اسی طرح گلشن اقبال، لیاقت آباد، شمالی کراچی، نئی کراچی، سرجانی ، فیڈرل بی ایریا، ناظم آباد اور شمالی ناظم آباد کے علاقوں میں 1796کنکشن منقطع کیے گئے۔

(جاری ہے)

ان علاقوں کے نادہندگان پر 16 کروڑ روپے کے واجبات تھے۔ایک اور چھاپے کے دوران گڈاپ کے علاقہ میں ایک رہائشی صارف کو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا جو اضافی ا فیز کے ذریعے 8.155Kw لوڈ استعمال کر رہا تھا۔آپریشن برق کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مجرم کو پکڑ کر موقع پر ہی جرمانہ عائد کر دیا جبکہ کنکشن بھی مقطع کر دیا۔ کے الیکٹرک کی ٹیم نے گلستان جوہر میں واقع اقرا ء کمپلیکس، ہارون رائل سٹی اور دیگر کثیر المنزلہ پروجیکٹس پر بھی چھاپے مارے جہاں بجلی چوروں کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا۔

کے الیکٹرک نے غیر قانونی کنکشن ختم کر دئیے اور بجلی چوروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی گئی۔کے الیکٹرک کی ٹیم نے عوامی کالونی، پی اینڈ ٹی کالونی، گلشن بلال، گلزار کالونی، فقیر گوٹھ سیکٹر 15، اورگس پی ایم ٹی، شفیع ٹینری سیکٹر 7/A,، کیلے والی پی ایم ٹی سیکٹر15 نزد ماذا فیکٹری سیکٹر 15 اور مہران ٹاؤن کورنگی میں بھی چھاپے مارکر 2500 غیر قانونی کنکشن منقطع کر دئیے۔کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق،’’ہم شہر میں اس آپریشن کی صورت میں اب تک بے شمار چھاپوں کے دوران ہزاروں غیر قانونی کنکشن منقطع کر چکے ہیں۔ ہم نے اپنے آپریشن کے ذریعے ایک مثال قائم کر دی ہے کہ بجلی چوری کے معاملہ میں کسی دوسرے جرم کی مانند غفلت نہیں برتی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :