شبقدر دھماکے کے وقت موقع پر موجود پولیس اہلکاروں نے نہایت بہادری کا مظاہرہ کیا ، امن و امان کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں اب ہمیں مزید مستعد ہونا ہوگا،عوام اپنے قرب و جوار پر خصوصی نظر رکھیں، حکومت اکیلی دہشت گردی کے خلاف جنگ نہیں جیت سکتی ،پاکستان ہماراملک ہے ہم نے مل کر ہی اس کادفاع کرنا ہے،امن و امان کی صورتحال سے متعلق پہلے ہی وزیر داخلہ کو خط لکھ چکے ہیں،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کا پریس کانفرنس سے خطاب

پیر 7 مارچ 2016 21:26

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 مارچ۔2016ء ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے شبقدر میں ہونے والے دھماکے میں پولیس کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ موقع پر موجود پولیس اہلکاروں نے نہایت بہادری کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں اب ہمیں مزید مستعد ہونا ہوگا۔وہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات مشتاق احمد غنی بھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ نے دھماکے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر انتہائی رنج و غم کا اظہارکیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے قرب و جوار پر خصوصی نظر رکھیں کیونکہ حکومت اکیلی دہشت گردی کے خلاف جنگ نہیں جیت سکتی جب تک عوام کا مکمل تعاون نہ ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان ہماراملک ہے اور ہم نے مل کر ہی اس کادفاع کرنا ہے۔

پرویز خٹک نے کہا کہ وہ امن و امان کی صورتحال سے متعلق پہلے ہی وزیر داخلہ کو خط لکھ چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ افغان سموں،بھتہ خوری اور دیگر متعلقہ مسائل پر وزیر داخلہ سے بات چیت کر چکے ہیں۔ صوبے میں بلدیاتی اداروں کی تشکیل کاذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ ہمارابلدیاتی نظام دیگر صوبوں کے مقابلے میں بہت بہتر ہے ہم نے اپنے ناظمین کو سیاسی ،انتظامی اور مالیاتی اختیارات تفویض کئے ہیں اور اس کیساتھ ساتھ 30فیصد فنڈز بلدیاتی اداروں کو منتقل کر دئیے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے ایک سسٹم دے دیا ہے اب ان اداروں کی ذمہ داری ہے کہ یہ عوام کی داد رسی کریں۔انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی پولیس کے ذریعے واقعہ شبقدر کی انکوائری کرائیں گے۔ بلدیاتی کنونشن کے دوران بعض نمائندوں کی جانب سے تنخواہوں کیلئے احتجاج کرنے پر وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے صوبے کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے نمائندو ں کو سمجھائیں کہ تنخواہوں کیلئے احتجاج پر توانائی صرف کرنے کی بجائے عوام کی خدمت پر توجہ دیں۔

پشاور شہر کیلئے سیف سٹی پراجیکٹ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے کہاکہ اس ضمن میں مختلف کمپنیوں سے بات چیت جاری ہے انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں 11۔ارب روپے کی منظوری بھی ہو چکی ہے لیکن میری کوشش ہے کہ یہ پراجیکٹ کم قیمت پر پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔چارسدہ میں لینڈمافیا کی جانب سے سرکاری زمین پر قابض ہونے کی کوشش کے بارے میں پرویز خٹک نے قبضہ مافیاکو وارننگ دیتے ہوئے کہاکہ کسی کو بھی سرکاری زمینوں پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے پولیس کو ہدایت دی کہ وہ قابضین سے کوئی رعایت نہ برتیں اور قانون کے مطابق کارروائی کریں۔یادرہے کہ 981۔ایکڑ اراضی پر حکومت نے 40ہزار پودے لگائے ہیں جبکہ قبضہ مافیا نے 2ہزار پودوں کو آگ لگا دی تھی۔