نیب کی پنجاب میں کاروائی پر مسلم لیگ(ن)کی حکومت بوکھلا گئی ہے‘ میاں منظور احمد وٹو

اگر نیب سندھ میں کاروائی کرے تو وفاقی حکومت خوش ہوتی ہے پنجاب میں کرے تو سر پٹخاتی ہے ‘ صدر پیپلز پارٹی پنجاب

پیر 7 مارچ 2016 20:45

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 مارچ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ نیب کی پنجاب میں کاروائی پر مسلم لیگ(ن)کی حکومت بوکھلا گئی ہے اگر نیب سندھ میں کاروائی کرے تو وفاقی حکومت خوش ہوتی ہے پنجاب میں کرے تو سر پٹخاتی ہے کاشتکاروں کا معاشی قتل ہو رہا ہے آئندہ انتخابات میں کوئی عزت دار کسان مسلم لیگ ن کو ووٹ نہیں دے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا اس موقع پر اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ، مخدوم احمد محمود، پاکستان عوامی تحریک کے جنرل سیکرٹری خرم نواز گنڈا پور، عزیز الرحمن چن، نوید چوہدری اور جہاں آرا وٹو کے علاوہ دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن چھوٹے چھوٹے معاملات پر کرپشن نہیں کرتی میاں شہباز شریف کا بس چلا تو وہ چاند پر اوور ہیڈ برج بنانا چاہیں گے، ن لیگ والے شہباز شریف کو آئرن مین کہتے ہیں کیونکہ وہ ہر اس کام کو کرتے ہیں جسم میں لوہے کا سڑئیہ استعمال ہو ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں 14 قتل اور 90 زخمی ہوئے حکومت نے خود جوڈیشل انکوائری کروائی اپنے خلاف آنے پر آج تک اُس پر عمل درآمد نہیں ہو سکا اور اُس پر مزید ایک انکوائری کمیٹی بنا دی ہے انہوں نے کہا کہ اس سانحہ کے مدعی آج ملزم بنے ہوئے ہیں جبکہ حکومت کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر پارٹی رہنماؤں کے علاوہ دیگر پارٹیوں کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔