ہم عازمین حج کو زیادہ سے زیادہ بہتر سہولتوں کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں، رواں سال بھی عوام کیلئے بہترین حج پیکج فراہم کریں گے،

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی پی ٹی وی کے ساتھ گفتگو

پیر 7 مارچ 2016 20:12

اسلام آباد ۔ 7 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 مارچ۔2016ء) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ ہم عازمین حج کو گزشتہ سال کی نسبت زیادہ سے زیادہ بہتر سہولتوں کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ پیر کو پی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی کی نسبت گزشتہ 2 سالوں میں حاجیوں کو بہترین سہولیتں فراہم کیں جس پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں اور آئندہ بھی عازمین حج کیلئے بہتر سے بہتر سہولتوں کی فراہمی کیلئے اہم اقدامات کررہے ہیں۔

ایک سوال پروفاقی وزیر نے کہا کہ نجی ٹور آپریٹرز کے ذریعے حج پر جانے والوں کی شکایات موصول ہوئیں جن کے ازالے کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ تمام عازمین حج اپنے اس مذہبی فریضے کو پرسکون طریقے سے ادا کرسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عازمین حج کو سعودی عرب میں بہتر اور آرام دہ سفری سہولیات کیلئے بھی سعودی حکام سے بات چیت کررہے ہیں اور اس بار ہمارے عازمین حج ٹرین کے بہترین سفر سے بھی استفادہ حاصل کرسکیں گے۔

ایک اور سوال پرانہوں نے کہا کہ حج پیکج کا ابھی اعلان نہیں ہوا تمام معاملات طے کرنے کے بعد ہی حج پیکج کا اعلان کیا جائے گا اور عوام کیلئے بہتر پیکج فراہم کریں گے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایت پر گزشتہ2 سالوں میں سرکاری حج پیکج میں 50 ہزار روپے تک کی کمی کی گئی ہے۔ وفاقی وزیرسردار محمد یوسف کا کہنا تھا کہ حج پر جانے والے تمام افراد میں سے طبعی یا حادثاتی طور پر جاں بحق ہو جانے والوں کے لواحقین کو حکومت کی طرف سے 5 لاکھ روپے ادا کئے جائیں گے،پہلے یہ رقم3 لاکھ تھی جبکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) نے اس رقم کو بڑھا کر 5 لاکھ کردیا ہے۔