آصف علی زرداری کی شبقدر کچہری میں خودکش حملے کی شدید مذمت

پارٹی کارکنوں کو زخمیوں کی ہر ممکن امداد کرنے کی ہدایت ، شہداء کے اعلیٰ درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا

پیر 7 مارچ 2016 19:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 مارچ۔2016ء) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے شبقدر کچہری میں خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جس میں میڈیا رپورٹس کے مطابق 11افراد شہید اور تقریباً دو درجن زخمی ہوگئے۔ سابق صدر نے اس ظالمانہ حملے پر سخت رنج اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معصوم لوگوں کو قتل کرنے اور معذور کرنے کے یہ واقعات دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ دینے کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی جرأت کو سراہا جنہوں نے خود کش حملہ آور کو کچہری کی عمارت کے اندر داخل ہونے سے روکا ورنہ کہیں زیادہ جانی نقصان ہو سکتا تھا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ زخمیوں کو بہترین طبی امداد دی جائے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی کہ زخمیوں کی ہر ممکن امداد کریں اور شہداء کے گھر جا کر ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کریں۔ سابق صدر نے شہداء کے اعلیٰ درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی اور غمزدہ خاندانوں کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

متعلقہ عنوان :