جہالت کے اندھیرے ختم کرنے کیلئے یکم اپریل سے نیشنل انرولمنٹ مہم چلائی جائے گی،وزیراعظم اس حوالے سے حکمت عملی کیلئے وزراء اعلیٰ کا مشاورتی اجلاس بلائیں گے، 2018ء سے قبل 100فیصد بچوں کے پرائمری سکولوں میں داخلہ کا ہدف حاصل کریں گے، امریکہ کی اعلیٰ یونیورسٹیوں میں10ہزار پی ایچ ڈی تیار کرائے جائیں گے، ماضی میں امریکہ سے ایف16 تو حاصل کئے گئے لیکن اصل طاقت یونیورسٹی تک رسائی کا مطالبہ نہیں کیا گیا، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا سی پیک کے حوالے سے خط سوشل میڈیا پر ملا ، سرکاری سطح پر نہیں ، سی پیک سمیت قومی منصوبوں کو سیاست کیلئے استعمال نہیں کرنا چاہیے

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی نیشنل انٹرولمنٹ مہم کے حوالے سے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ

پیر 7 مارچ 2016 18:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 مارچ۔2016ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک سے جہالت کے اندھیروں کو ختم کرنے کیلئے اور بچوں کے 100فیصد سکولوں میں داخلہ کیلئے یکم اپریل سے 30 اپریل تک ملک بھر میں نیشنل انرولمنٹ مہم چلائی جائے گی، وزیراعظم صوبوں کے وزراء اعلیٰ سے مہم کے حوالے سے حکمت عملی وضع کرنے اور مہم کو کامیاب بنانے کیلئے گفتگو کیلئے اجلاس بلائیں گے، 2018ء سے قبل 100فیصد بچوں کو پرائمری سکولوں میں داخلہ کا ٹارگٹ حاصل کریں گے، تعلیم کے فروغ اور بہتری کیلئے اہم اقدامات کئے جا رہے ہیں، ماضی میں امریکہ سے ایف سولہ تو حاصل کئے گئے لیکن امریکہ کی اصل طاقت یونیورسٹی تک رسائی کا مطالبہ نہیں کیا گیا، امریکہ کی اعلیٰ یونیورسٹیوں میں دس ہزار پی ایچ ڈی تیار کرائے جائیں گے، حکومت 2020وژن کے تحت تعلیم پر مبنی معیشت کے وژن پر عمل پیرا ہے، مدارس تعلیم کے حوالے سے اہم کردار ادا کر رہے ہیں ان کو قومی دھارے میں لانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، ان کو قومی دھارے میں لانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا سی پیک کے حوالے سے خط سوشل میڈیا پر ملا ہے اور ابھی تک سرکاری سطح پر نہیں ملا، سی پیک سمیت قومی منصوبوں کو سیاست کیلئے استعمال نہیں کرنا چاہیے، سی پیک سمیت قومی منصوبوں میں تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

(جاری ہے)

وہ پیر کو وزارت منصوبہ بندی اور ترقی میں صوبائی حکومتوں کے محکمہ تعلیم کے نمائندوں کے ساتھ نیشنل انٹرولمنٹ مہم کے حوالے سے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے ۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا کہ مہم کا مقصد پاکستان کے اندر جہالت کے اندھیروں کو ختم کرنا اور پرائمری لیول تک بچوں یک 100فیصد سکولوں میں داخلے کو یقینی بنانا ہے، پاکستان واحد ملک ہے جس نے سیٹن ایبل ڈویلپمنٹ گول کو پارلیمنٹ کے ذریعے پاکستان ڈویلپمنٹ گولز قرار دیا گیا ہے، یکم اپریل سے 30 اپریل تک بچوں کو سکولوں میں داخلے کیلئے صوبائی حکومتوں سے مل کر کے ملک بھر میں مہم چلائی جائے گی، صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو حکمت عملی وضع کرنے کیلئے خطوط لکھیں گے، صوبے 16 مارچ سے 22مارچ تک ضلع کی سطح پر ڈی سی اوز اور ای ڈی اوز کے تعاون سے ایک پلان اور ٹارگٹ بنائیں، وفاقی حکومت مہم کو مانیٹر کرنے کیلئے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ قائم کرے گی اور ایچ ای سی کو بھی شامل کیا جائے گا تا کہ تمام یونیورسٹیوں کے طلبا رضا کار بن کر مہم کا حصہ بنیں اور شہروں، گاؤں اور دیہاتوں میں بچوں کے سکولوں میں داخلہ کے حوالے سے بھرپور کردار ادا کریں، وزیر اعظم مہم کے حوالے سے صوبوں کے وزراء اعلیٰ سے ملاقات کیلئے اجلاس بلائیں گے، نادرا کو بھی رجسٹریشن کیلئے شامل کیا جائے گا، انرولمنٹ کے ساتھ جو لوگ تعلیم نہیں حاصل کر سکے ان کو غیر رسمی تعلیم کے ذریعے خواندہ بنانے والی تجویز پر عمل کیا جائے گا، 2018 سے قبل 100 فیصد بچوں کو سکولوں میں داخل کرنے کا ٹارگٹ حاصل کریں گے، تعلیم یک بہتری کیلئے نیشنل کریکولم کونسل بنائی گئی ہے جو دور حاضر کے مطابق نصاب کو تشکیل دے گی، صوبوں سے مل کر تمام انٹرمیڈیٹ اور میٹرک کے بورڈز کی اصلاحات کی جا رہی ہیں اور اساتذہ کی تربیت کیلئے ٹیچرز ٹریننگ پروگرام شروع کیا جائے گا اور وفاقی سطح پر ایک ادارہ بنایا جائے گا جو ملک بھر کے اساتذہ کی تربیت کا کام کرے گا، موجودہ حکومت نے تعلیم کا بجٹ 48 ارب سے 78ارب کر دیا ہے، 2018 تک تعلیم کیلئے اخراجات جی ڈی پی کے 4فیصد تک کئے جائیں گے، پاکستان کا تاثر بین الاقوامی سطح پر بہتر ہو رہا ہے، امریکہ میں پاکستان میں سیکیورٹی اور دیگر شعبوں میں بہتری کو محسوس کیا جا رہا ہے، امریکہ سے دس ہزار پی ایچ ڈی کیلئے وظائف حاصل کرنا اہم ہدف ہے، ماضی میں امریکہ سے ایف سولہ طیارے حاصل کئے گئے لیکن امریکہ کی اصل طاقت تک رسائی حاصل کرنے کیلئے کوشش نہیں کی، امریکہ کی اصل طاقت یونیورسٹیاں ہیں جہاں پر تعلیم اور تحقیق سے امریکہ نے ترقی کی ہے، امریکہ سے پہلی دفعہ مطالبہ اٹھایا ہے کہ دس ہزار پی ایچ ڈی کیلئے نشستیں دی جائیں، حکومت پاکستان امریکہ کی اعلی یونیورسٹیوں میں داخل ہونے والوں کو وظائف مہیا کرے گی، حکومت وژن 2025 کے تحت تعلیم پر مبنی معیشت کے وژن پر عمل پیرا ہے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک سمیت قومی منصوبوں کو سیاست کیلئے استعمال نہیں کرنا چاہیے، خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ کا خط سوشل میڈیا پر ملا ہے، اگر سرکاری سطح پر ملا تو جواب دوں گا اور تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلیں گے، مغرب روڈ پر گوادر اور ژوب میں یونیورسٹی کا قیام لایا جا رہا ہے تا کہ نوجوان تعلیم حاصل کر کے کردار ادا کر سکیں، مدارس کو بھی قومی دھارے میں لایا جا رہا ہے، مدارس تعلیم کے حوالے سے اہم کردار ادا کر رہے ہیں، قومی دھارے میں لانے کیلئے وزارت تعلیم مدارس کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے، پاکستان میں میڈیا کا جمہوریت کا ستون ہے، قانون اور آئین کی حکمرانی میڈیا کی آزاید کے بغیر ممکن نہیں، میڈیا قوم کے اندر مثبت سوچ پیدا کرنے میں کردار ادا کرے۔