وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کاخواتین کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی پیغام

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 7 مارچ 2016 17:34

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07مارچ۔2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملک کی تعمیر وترقی کے ساتھ پرامن معاشرے کی تشکیل میں خواتین کے موثر کردار کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ پاکستان کومضبوط اور باوقار بنانے کیلئے خواتین کی عملی میدان میں شرکت نہایت ضروری ہے اور خواتین کو مساوی حقوق دئیے بغیر معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتا۔

پاکستانی خواتین با صلاحیت اورمحنتی ہیں جنہوں نے نہ صرف ملک بلکہ بیرون ملک بھی مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ پنجاب حکومت نے خواتین کوبااختیار بنانے اوران کے حقوق کے تحفظ کیلئے انقلابی نوعیت کے اقدامات کئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ سرکاری ملازمتوں میں خواتین کا کوٹہ5فیصد سے بڑھا کر15فیصد کیا گیا ہے اور سرکاری ملازمت کیلئے عمر کی حد میں خواتین کو 3سال کی حصوصی رعایت دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

خواتین کے حقوق کے تحفظ اوران کیخلاف تشدد کی روک تھام کیلئے صوبے بھر میں مراکزقائم کئے جارہے ہیں۔ملازمت پیشہ خواتین کی سہولت کیلئے پنجاب کے مختلف اضلاع میں ورکنگ ہاسٹلز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خواتین کو معاشی و سماجی طورپر مضبوط کرنے کیلئے فنی تربیت کے کورسز کروائے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنے پاوٴں پر کھڑے ہو کر باعزت روزگار حاصل کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے تحت کام کرنیوالے تمام فیصلہ ساز بورڈز اور کمیٹیوں میں خواتین کو 33 فیصد نمائندگی دی گئی ہے اور سرکاری اداروں میں بھرتی کیلئے مقررکی جانیوالی ہر کمیٹی میں ایک خاتون ممبر کا ہونا لازم قرار دیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی لاکھوں خواتین کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے بلاسود قرضہ جات دئیے جارے ہیں اور پہلی مرتبہ خواتین کی بڑی تعداد لیپ ٹاپ سکیم ، اجالا پروگرام، انٹرن شپ پروگرام اور خود روزگار سکیم سے مستفید ہو رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت پنجاب خواتین کی ترقی کیلئے پلان کردہ تاریخی پیکیج پر عملدر آمد کررہی ہے ۔ خواتین کو ر وشن مستقبل ،تعلیم وصحت کی سہولیا ت فراہم کرنے اورانہیں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنے کیلئے موثر اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات سے بخوبی آگاہ ہے کہ خواتین کی ترقی اور انہیں بااختیار بنائے بغیر خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا،اسی لئے حکومت پنجاب نے خواتین کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں اورمستقبل میں بھی ایسے اقدامات جاری رہیں گے ۔

متعلقہ عنوان :