خواتین کے خلاف تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خاتمہ

کیلئے حقوق نسواں بل کی منظوری خوش آئند ہے، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی

پیر 7 مارچ 2016 16:23

لاہور۔6 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 مارچ۔2016ء ) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی خان گورچانی نے کہا کہ معاشرے میں خواتین کے خلاف تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خاتمے کیلئے پنجاب پروٹیکشن آف وومن اگینسٹ وائیلنس بل 2015ء کی منظوری خوش آئند ہے۔ وومن پروٹیکشن بل کے ذریعے پہلی مرتبہ تشدد کا شکار خواتین کو تیزترین انصاف کی فراہمی کیلئے یقینی اقدامات کئے گئے ہیں۔

وومن پروٹیکشن بل کے نفاذ کیلئے مضبوط میکنزم اختیار کئے جانے کے بعد پنجاب میں خواتین پر تشدد کے واقعات کا سدباب کیا جا سکے گا اور خواتین پر گھریلو تشدد ‘ جذباتی‘ جسمانی اور معاشی استحصال‘ سائبرکرائمز اور بہانے سے خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات کا سدباب ہو گا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو معاشی،سماجی اور سیاسی طور پر قو می دھارے میں شامل کئے بغیر ملکی ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا‘ ماضی میں بھی (ن) لیگ کی حکومت کی طرف سے خواتین کی بہتری کے لئے اصلاحاتی کام کئے گئے اور آئندہ بھی عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے دور رس عملی اقدامات کیلئے اعلان کریں گے‘ خواتین کے حقوق و مفادات کا تحفظ کرنا اور انہیں کسی امتیاز کے بغیر یکساں مواقع فراہم کرنا ہماری قومی ذمہ داری ہے‘ حکومت خواتین کو ہر قسم کے استحصال سے تحفظ اور ہر شعبہ زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے یکساں مواقع فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

متعلقہ عنوان :